علامہ طاہر القادری نے استعفیٰ مہم کا افتتاح کر دیا‘ حافظ حسین

September 16, 2019 1:45 pm0 commentsViews: 4

ان کاسیاست سے استعفیٰ، ماہ ستمبر میں ‘‘ستمگر’’ سے برأت کا اعلان ہے‘سابق سینیٹر
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علما اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ علامہ طاہر القادری کاسیاست سے استعفیٰ، ماہ ستمبر میں ‘‘ستمگر’’ سے برات کا اعلان ہے ، طاہر القادری نے استعفیٰ دیکر استعفیٰ مہم کا افتتاح کردیا ہے جبکہ تبدیلی کے نعرے پر آنے والے اکتوبر میں خود تبدیل ہونگے ، حکومت اگر کشمیر کاز پر سنجیدہ ہوتی تو مظفرآباد میں ون مین شو کے بجائے اپوزیشن کو بھی دعوت دی جاتی مگر عمران خان ابھی تک انا کے گھوڑے سے نہیں اترے ، فاشسٹ مودی کی کامیابی کے لیے دعائیں کرنے والے عمران خان نے ایک بار پھر اپنے بیان پر یوٹرن لے لیا ہے۔ وہ سریاب میں جامعہ مسجد اقصیٰ کے سنگ بنیاد کی تقریب اور ممتاز رہنما حاجی قاسم شاہوانی کی عیادت کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ طاہر القادری کو 126دن کے دھرنوں میں عمران خان نے بے دریغ استعمال کیااور اقتدار میں آنے کے بعد اپنا اصل رنگ دکھا دیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کے فیصلے پر نظر ثانی کے لیے شاہ محمود قریشی کی اپیل ناقابل فہم ہے کیوں کہ چار حلقوں کے لیے 126دن کا دھرنا دیا جاسکتاہے تو پورے ملک کے انتخابات کو ہائی جیک کرنے کے خلاف جے یو آئی اپنا جمہوری حق کیوں استعمال نہیں کرسکتی۔