کشمیر میں ظلم پر عالمی ادارے تماش بین بنے ہوئے ہیں وفاق المدارس

September 17, 2019 11:36 am0 commentsViews: 3

اہل مدارس اپنی فوج اور قوم کی پشت پر ہمیشہ کی طرح کھڑے ہیں، مفتی محمد نعیم اور مولانا طلحہ کی پریس کانفرنس
ایک ماہ سے کشمیری اپنے گھروں میں قید ہیں، پوری دنیا تماشہ دیکھنے میں مصروف ہے
کراچی(پ ر) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی مجلس عاملہ کے رکن ممتاز مذہبی اسکالر مفتی محمد نعیم، وفاق المدارس کے میڈیا کوآرڈینٹر مولانا طلحہ رحمانی سمیت دیگر علماء نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں مدارس دینیہ کے سب سے بڑے تعلیمی بورڈ وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے آزادی کشمیر پر ریلی کا انعقاد کیا جس کا مقصد دنیا کو پیغام دینا تھاکہ اہل مدارس اپنی فوج اور قوم کی پشت پرہمیشہ کی طرح کھڑی ہے ، الحمداللہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ایک ماہ سے زائد کا عرصہ ہوچکاکشمیری اپنے گھروں میں قید ہیں، ستم ظرفی یہ ہے کہ پوری دنیا تماشہ دیکھنے میں مصروف ہے بیانات، فوٹوسیشن ، دعوے اورقلابے ملانے کے علاوہ کچھ کرنے کوتیارنہیں۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیری 70سالوں سے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں پاکستان کشمیر کا وکیل ہے، یہ وہ جملے ہیں جو چہار طرف زبان زد عام ہیں لیکن ہمیں اس بات کااحساس کب ہوگا؟۔ کیا ہم اس سے زیادہ حالات کی خرابی کے انتظارمیں ہیں، او آئی سی سمیت دیگر اسلامی اور عالمی ادارے کشمیریوں کے اس ظلم پر تماش بینی کب تک کرتے رہیں گے؟۔ بھارت کشمیری نوجوانوں کو چن چن کر قتل عام کرکے نسل کشی کررہاہے، جس کا مقصد آزادی کی آواز کو دبانا ہے، گزشتہ چند دنوں میں درجنوں نوجوان شہید کیے جاچکے، کئی مظاہرین کو مارا جاچکاہے، کیا جب کشمیری ختم ہوجائیں گے تب اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔