ایک ہفتے میں کراچی میں مزید 250 افراد پر ڈینگی بخار کا حملہ

September 17, 2019 11:36 am0 commentsViews: 4

بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے اسپرے مہم غیر اعلانیہ طور پر بند اور حکومت کی جانب سے عملی اقدامات نہ ہونے سے صورتحال بگڑنے لگی
رواں ہفتے سندھ میں 255 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی جن میں سے 250 کراچی میں رپورٹ ہوئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے اسپرے مہم غیر اعلانیہ طو رپر بند اور محکمہ صحت کی جانب سے عملی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے کراچی میں ایک ہفتے کے دوران مزید250 افراد پر ڈینگی بخار کا حملہ ہوا رواں سال متاثرہ افراد کی تعداد1915 ہوگئی ہے روزانہ کی بنیاد پر شہر میں2درجن سے زائد افراد ڈینگی کا شکار ہورہے ہیں۔ مختلف علاقوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ملیریا بھی پھیل رہا ہے۔ رواں سال سندھ بھر میں اب تک ملیریا کے75 ہزار کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔ ڈینگی کنٹرول پروگرام کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے صوبے میں255افراد میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہوئی جن میں250 کراچی میں رپورٹ ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق ستمبر کے16 روز میں کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈینگی بخار سے482 اور صوبے کے دیہی اضلاع میں14متاثر ہوئے‘ رواں سال صوبے بھر میں ڈینگی سے متاثر افراد کی تعداد1998 ہوگئی ہے جن میں1915 کیس کراچی اور 83 دیہی سندھ کے شامل ہیں اور 8 افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ محکمہ صحت نے عید الاضحی کے فوری بعد کے ایم سی کے تعاون سے صوبے بھر میں اسپرے مہم چلانے کا فیصلہ کیا تھا اور عید کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی نے مہم شروع بھی کی تاہم یہ مہم مخصوص علاقوں میں کرنے کے بعد غیر اعلانیہ طور پر بند کردی گئی اور اب فنڈز کی کمی کا رونا رویا جارہا ہے اور شہری ڈینگی‘ ملیریا اور دیگر وبائی امراض کا شکار ہورہے ہیں۔