کراچی منشیات کی فروخت اور استعمال پر دنیا میں 10 ویں نمبر پر آگیا

September 17, 2019 11:36 am0 commentsViews: 1

سپریم کورٹ نے منشیات کے استعمال سے متعلق سندھ حکومت کی رپورٹ مسترد کردی، اتفاق نہیں کرتے
انسپکٹر جنرل سندھ کو عدالت طلب کرلیا، آئی جی نے ان حقائق کو چیک کیا ہے؟ جسٹس عمر عطا بندیال
کراچی(کرائم رپورٹر)سندھ کے تعلیمی اداروں میں منشیات کی سپلائی، سپریم کورٹ نے منشیات کے استعمال سے متعلق سندھ حکومت کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل سندھ کو عدالت میں طلب کر لیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی سے متعلق از خود نوٹس پر سپریم کورٹ نے آئندہ سماعت پر آئی جی سندھ کو طلب کر لیا۔ سپریم کورٹ نے سندھ میں منشیات سے متعلق رپورٹ مسترد کر دی۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ سندھ حکومت کی اس رپورٹ سے اتفاق نہیں کرتے، کراچی منشیات فروخت اور استعمال میں دنیا میں دسویں نمبر پر ہے، کیا آئی جی سندھ نے ان حقائق کو چیک کیا ہے۔سپریم کورٹ نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر کے رپورٹ طلب کرلی۔ چند روز قبل جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق کراچی دنیا میں سب سے زیادہ چرس استعمال کرنے والے شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔تحقیق کے مطابق کراچی میں سالانہ 42 ٹن چرس پی جاتی ہے۔ فہرست میں امریکی شہر نیویارک پہلے اور بھارتی دارالحکومت نئی دہلی تیسرے نمبر پر ہے۔