کے الیکٹرک اسٹاف نے جائز طریقے سے میٹر لگوانا مشکل بنا دیا‘ انتظامیہ روزنامہ آغاز

September 17, 2019 12:14 pm0 commentsViews: 11

ماہ اگست کے آخری ہفتے میں روزنامہ آغاز کے پرنٹنگ پریس کے بجلی کے میٹر کو زبردستی تبدیل کر دیا گیا تھا
گزشتہ 12 دن سے اخبار کی طباعت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے‘ متعلقہ حکام نوٹس لیں ‘ انتظامیہ کا مطالبہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کے الیکٹرک اسٹاف نے آغاز پبلی کیشن (پرائیویٹ)لمیٹیڈ کو تنگ کرنے کیلئے نت نئے طریقے ایجاد کر لئے ۔جائز طریقے سے میٹر لگوانا مشکل اور ناممکن بنا دیا۔روزنامہ آغاز کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگست 2019 کے آخری ہفتے میںبجلی کے میٹر کی بیٹری خراب ہونے کا بہانہ بنا کر کے الیکٹرک اسٹاف کی جانب سے روزنامہ آغاز کے پرنٹنگ پریس کے بجلی کے میٹر کو زبردستی تبدیل کر دیا گیا تھا۔اس سلسلے میں ہمیں کوئی نوٹس یا دستاویزات فراہم نہیں کی گئیں اور نہ اطلاع دینا گوارا سمجھاکہ ہم میٹر کو تبدیل کر رہے ہیں۔تاہم جب ہم نے اصرار کیا تو کے الیکٹرک اسٹاف نے بجلی کا میٹر لگوانے کو آسمان سے تارے توڑکر لانے کے برابر کر دیا ہے۔انتظامیہ کا کہنا تھا کہ آج ایک مہینے کے بعد بھی روزنامہ آغاز کے دفتر میں بجلی کا میٹر لگانے کے حوالے سے کوئی نوٹس یا دستاویزات جمع نہیں کروائی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ انچارج آفیسر کو کم از کم 6 مرتبہ یاد دھانی کرائی جا چکی ہے اس کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ خود ساختہ میٹر لگانے کے بعد اگلے دن سے بجلی کا کنکشن بری طرح پریشان کر رہا ہے اور ہمیں کم سے کم 12 دن سے اخبار کی طباعت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور پرنٹنگ پریس میں میٹر کی نامناسب تنصیب کی وجہ سے اخبار کی طباعت میں جنریٹرکا استعمال کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک اسٹاف نے ساز باز کر کے بجلی کے میٹر کا حصول اور بھی مشکل بنا دیا ہے ۔انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کے الیکٹرک انتظامیہ اور متعلقہ حکام اس بارے میں تحقیق کریں گے اور آغاز پبلی کیشن (پرائیویٹ)لمیٹیڈکو ریلیف فراہم کریں گے۔