چہلم کا مرکزی جلوس ایم اے جناح روڈ سے ہی نکالا جائے گا شیعہ علماء کونسل

September 17, 2019 12:30 pm0 commentsViews: 7

حکومت چہلم امام حسینؓ سے پہلے روڈ کی مرمت کا کام مکمل کرلے، علامہ ناظر عباس نقوی
اگر رکاوٹ ڈالی گئی تو کراچی کی ہر شاہراہ کو امام بارگاہ بنادیں گے، صوبائی صدر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شیعہ علما کونسل کے صوبائی صدر علامہ ناظر عباس تقوی کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے تعمیرات کے نام پر مرکزی جلوس کے روٹ کو تبدیل کرنا اچھا اقدام نہیں ہے، ملت جعفریہ کی تمام جماعتوں نے اتفاق رائے سے یہ فیصلہ کیا ہے کہ چہلم امام حسینؓ کا مرکزی جلوس ایم اے جناح روڈ سے ہی نکالا جائے گا۔ حکومت چہلم امام حسینؓ سے پہلے روڈ کی مرمت کا کام مکمل کرلے، اگر کوئی رکاوٹ ڈالی گئی تو کراچی کی ہر شاہراہ کو امام بارگاہ بنا دیں گے۔ پیر کو اہل تشیع کی نمائندہ جماعتوں کا مشترکہ اجلاس علامہ ناظر عباس تقوی کی زیر صدارت ہوا۔ جعفریہ الائنس، پیام ولایت فائونڈیشن، ذاکرین امامیہ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، مرکزی تنظیم عزاداری، اسکائوٹس رابطہ کونسل، جلوس کے پرمٹ ہولڈرز، امام بارگاہوں کے ٹرسٹیز و دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ خطاب کرتے ہوئے علامہ ناظر عباس تقوی نے کہاکہ سیکورٹی کے نام پر کنٹینرز لگا کر شہریوں کو پریشان کرنا اور موبائل سروس کو بند کر دینا یہ ایسے اقدام ہیں جس سے عام شہریوں پر تاثر جاتا ہے کہ یہ سب جلوس عزا کی وجہ سے ہو رہا ہے شہریوں کو تنگ کرنا قابل قبول نہیں۔