شہر میں لاقانونیت کیخلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں کراچی چیمبر

October 8, 2019 11:40 am0 commentsViews: 4

کراچی آپریشن میں امن و امان قائم کرنے کیلئے بے پناہ محنت اور قربانیاں دی گئیں
شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور اسٹریٹ کرائمز میں اضافے کا سخت نوٹس لیا جائے، آغا شہاب احمد خان
کراچی(کامرس رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر آغا شہاب احمدخان نے شہر بھر میں لاقانونیت کے واقعات بالخصوص ٹارگٹ کلنگ اور اسٹریٹ کرائمز میں یکایک اضافے پر تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان پر زور دیا ہے کہ وہ شہر کے کونے کونے میں امن وامان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لئے سخت کارروائیاں اور اقدامات عمل میں لائیں۔ ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ 2013میں شروع کئے گئے کراچی آپریشن میں شہر بھر میں امن و امان قائم کرنے کے لئے بے پناہ محنت کی گئی اور قربانیاں دی گئیں جن کے نتیجے میں کافی حد تک کراچی بھر میں امن و سکون بحال ہوسکا تاہم اب ایسا نظر آرہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سرگرمیاں سست ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے قانون شکن عناصر اور ٹارگٹ کلرز کو دوبارہ سے اُبھرنے کا موقع ملا ہے اور وہ بلاخوف وخطر گھناؤنے جرائم کررہے ہیں جنہیں کسی بھی صورت ہلکا نہ لیا جائے اور نہ ہی نظر انداز کیا جائے۔انہوںنے کہاکہ کراچی جو قومی خزانے میں 70فیصد سے زائد ریونیو دیتا ہے یہ شہر امن و امان کی بربادی کا متحمل نہیں ہو سکتا بالخصوص ایسے وقت میں جب معیشت شدید بحران کا شکار ہو اور صنعت کا پہیہ بھی زائد کاروباری لاگت،مہنگائی، غیر معمولی شرح سود اور مارکیٹوں میں کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے سست پڑ گیا ہو۔تاجروصنعتکار برادری امن وامان کی خراب صورتحال کا دھچکا کسی صورت برداشت نہیں کر پائے گی لہٰذا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو احکامات جاری کئے جائیں کہ مجرموں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔