چینی صدر نے 400 کرپٹ افراد کو جیل بھیجا کاش میں بھی500 افراد کو جیل بھیج سکتا، وزیر اعظم

October 9, 2019 11:11 am0 commentsViews: 2

پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے،چین نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا، ہم بھی سیکھیں گے
پاکستان چاہتا ہے چین کوئلے اور سونے کی صنعت میں بھی سرمایہ کاری کرے‘ عمران خان کاتقریب سے خطاب
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چینی صدر نے 400 کرپٹ افراد کو کرپشن کے الزام میں جیل بھیجا، کاش میں 500 افراد کو جیل بھیج سکتا۔چائنہ کونسل فار پروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ میں تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین دنیامیں سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت ہے، چین نے اپنے عوام کو غربت سے نکالا، دنیا بھر کے لیے کاروبار کے مواقع پیدا کیے، موجودہ وقت چین سے سیکھنے کا ہے۔ چین نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا، ہم بھی سیکھیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ چین کوئلے اور سونے کی صنعت میں بھی سرمایہ کاری کرے۔ کرپشن کے باعث ملک کی ترقی کی رفتار کم ہوتی ہے، دنیا وہیں سرمایہ کاری کرتی ہے جہاں کرپشن نہ ہو۔ ماضی میں پاکستان دنیامیں تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت تھی، ملک میں سرمایہ کاری نہ آنے کی بڑی وجہ کرپشن ہے، چینی صدر نے کرپشن کیلئے جنگ کی، چینی صدر نے 400 کرپٹ افراد کو کرپشن کے الزام میں جیل بھیجا۔ کاش چینی صدر کی تقلید میں 500 کو جیل بھیج سکتا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت میں آتے ہی کاروبار میں آسانی کے لیے اقدامات کیے، پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی، وزیراعظم ہاوَس سے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت فراہم کی، سی پیک کے تحت گوادر پورٹ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے، مسائل کے حل کیلیے سی پیک اتھارٹی قائم کی گئی ہے، چینی وکرز کے تحفظ کیلیے خصوصی فورس بنائی گئی ہے حکومت اسپیشل اکنامک زونز پر توجہ دے رہی ہے۔ پاکستان چاہتا ہے کہ چین کوئلے اور سونے کی صنعت میں بھی سرمایہ کاری کرے، پاکستان کو اس وقت ایک کروڑ گھروں کی ضرورت ہے،ہاوَسنگ شعبے میں چین کے تعاون کے خواہش مندہیں۔