سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ کی 46قیمتی گاڑیاں غائب ٗ غیر قانونی استعمال کا انکشاف

October 9, 2019 11:50 am0 commentsViews: 3

سرکاری دستاویز کے مطابق 110گاڑیاں محکمہ ایکسائز میں رجسٹرڈ جبکہ 10گاڑیاں پرائیوٹ نمبر ز پر رجسٹرڈ کرائی گئی ہیں
لاپتہ سرکاری گاڑیوں میں سے بیشتر کی ایف آئی آر مشکوک اور مبہم ہے ٗ ٹرانسپورٹ افسر کے پاس کئی گاڑیوں کا ریکارڈ ہی نہیں
کراچی (نیوز ڈیسک) سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ میں سنگین انتظامی بے ضابطگیوں کا انکشاف، اسمبلی سیکریٹریٹ کی کئی قیمتی گاڑیاں غائب جبکہ 10 گاڑیاں پرائیویٹ نمبر پلیٹس پر رجسٹرڈ کیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ ایوان کی 16 قائمہ کمیٹیاں موجود جبکہ قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے نام پر 34 گاڑیاں الاٹ کر دی گئیں، لاپتا سرکاری گاڑیوں میں سے بیشتر کی ایف آئی آر مشکوک اور مبہم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے بعد انتظامی خامیوں اور سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال کا انکشاف ہوا ہے، سرکاری دستاویزات کے مطابق سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ کی 110 گاڑیاں محکمہ ایکسائز میں رجسٹرڈ جبکہ 10 گاڑیاں پرائیویٹ نمبرز پر رجسٹرڈ کرائی گئی ہیں جو قانون کے برخلاف ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ کی 46 گاڑیاں گمشدہ ہیں جو غیر قانونی طور پر استعمال کی جارہی ہیں، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ کی دس سے پندرہ گمشدہ گاڑیاں ایسی ہیں جن کی ایف آئی آر مبہم اور غلط ہیں، سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ کے اسٹاف کو الاٹ کی گئی گاڑیوں میں بھی کئی افسران و ملازمین کو خلاف ضابطہ گاڑیاں دی گئی ہیں جبکہ استحقاق رکھنے والے بعض افسران کے پاس سرکاری گاڑیاں نہیں ہیں، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی کے ٹرانسپورٹ افسر نے بتایا کہ ان کے پاس الاٹ کی گئی سرکاری گاڑیوں کی تفصیلی فہرست دستیاب نہیں ہے۔