اسلام آباد:تاجروں کی احتجاجی ریلی؛ پولیس کا مظاہرین پر لاٹھی چارج

October 9, 2019 6:48 pm0 commentsViews: 1

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ریڈزون میں داخلے کی کوشش پرپولیس نے تاجروں پر لاٹھی چارج کیا جس کے جواب میں مظاہرین نے اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کردیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر سےآنے والے تاجروں کی بڑی تعداد ریلی کی صورت میں آبپارہ چوک سے سیرینا چوک پہنچی تو پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا، مظاہرین نے خاردار تاریں اور تمام رکاوٹیں ہٹا دیں اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

تفصیلات کے مطابق ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران پولیس اور مظاہرین آمنے سامنے آگئے جب کہ پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج شروع کردیا جس کے جواب میں مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا، صورتحال مزید بگڑنی پر پولیس کی اضافی نفری کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

تاجروں کے نمائندہ تنظیموں اور مختلف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ شناختی کارڈ کی شرط کے معاملے پرایف بی آر آفس کی جانب مارچ کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتے ہیں۔