سری لنکا سے شکست قومی ٹیم کے سلیکٹرز 2 روز بعد سر جوڑ کر بیٹھیں گے

October 11, 2019 11:59 am0 commentsViews: 6

مصباح الحق نے آئندہ 2 سے 3 روز میں کمیٹی کا اجلاس فیصل آباد میں طلب کرلیا
قومی ٹیم کی مینجمنٹ تبدیل ہونے سے کھلاڑی خود کو ایڈجسٹ کر رہے ہیں، رکن سلیکشن کمیٹی
لاہور (آئی این پی) سری لنکن کرکٹ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں شکست کے بعد قومی ٹیم کے سلیکٹرز دو روز بعد سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سری لنکن کرکٹ ٹیم سے شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سر جوڑ کر بیٹھنے لگی ہے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کمیٹی کا اجلاس فیصل آباد میں طلب کر لیا ہے جو آئندہ دو سے تین روز میں فیصل آباد میں ہورہا ہے۔ سلیکشن کمیٹی کے رکن کبیر خان نے بتایا کہ قومی ٹیم کی مینجمنٹ تبدیل ہونے سے کھلاڑی خود کو ایڈجسٹ کر رہے ہیں ہوم سیریز ہونے سے بھی کھلاڑیوں پر کافی دبائو تھا وہ طویل عرصے بعد ہوم گرائونڈ پر تماشائیوں کے سامنے کھیل رہے تھے لیکن سلیکشن کمیٹی فیصل آباد میں پاکستان کپ کے موقع پر بیٹھ ہی ہے، ہیڈ کوچ اور چیئرمین سلیکشن کمیٹی مصباح الحق بھی ہوں گے تو وہ ساری صورتحال بتائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے ہم نے پرفارمنس دینے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا اگر کسی نے بہتر کھیل پیش نہیں کیا تو اگلی سیریز کے لیے اس کے بارے میں سوچا جائے گا پاکستان کپ ان کھلاڑیوں کے لیے آخری موقع ہے جنہوں نے کارکردگی نہیں دکھائی۔ انہوں نے کہاکہ سلیکشن کمیٹی کسی کو کھیلنے سے روک نہیں سکتی ٹیم میں وہی کھیلے گا جو پرفارم کرے گا۔