سرفراز احمد کا سندھ کی قیادت سے انکار، اسد شفیق کپتان مقرر

October 14, 2019 12:20 pm0 commentsViews: 4

فیصل آباد میں قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ سے قبل پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کی بدتمیزی پر کپتانی سے معذرت کرلی
عام کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلوں گا، بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ پر توجہ مرکوز کرنا چاہتا ہوں، سرفراز احمد کپتان قومی کرکٹ ٹیم
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں سندھ کی قیادت سے انکار کر دیا۔ سندھ کی ٹیم نے سرفراز احمد کے انکار کے بعد اسد شفیق کو کپتان مقرر کردیا ہے۔ سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد سرفراز احمد کی کپتانی پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل فیصل آباد میں فوٹو سیشن کرایا تھا جس میں سرفراز احمد بھی موجود تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتہ کو فیصل آباد میں ٹورنامنٹ سے قبل ہونے والی پریس کانفرنس میں صحافیوں نے سرفراز احمد سے سخت اور تند و تیز سوالات کیے۔ سوالات کرنے والوں پر پی سی بی حکام کنٹرول کرنے میں ناکام رہے جبکہ عینی شاہدین کے مطابق صحافیوں نے سرفراز احمد کو شکست کا ذمہ دار قرار دیا۔ پریس کانفرنس میں سوالات سے دلبرداشتہ ہونے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں سندھ کی قیادت کرنے سے انکار کیا، سرفراز احمد نے ٹیم انتظامیہ کو بتایا کہ ٹورنامنٹ میں کپتانی نہیں کرنا چاہتا اور عام کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلوں گا۔ سرفراز احمد عام کھلاڑی کی حیثیت سے بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں اور وہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بھی چوتھے نمبر پر کھیلیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بدتمیزی سے سرفراز احمد اپ سیٹ تھے اور انہوں نے کپتانی کرنے سے معذرت کرلی۔