مسلم حکمران مظلوم مسلمانوں کے تحفظ کیلئے لائحہ عمل کا اعلان کریں ثروت قادری

October 14, 2019 12:34 pm0 commentsViews: 1

مودی کشمیرکے مسلمانوں پر ظلم کرنا چھوڑدے ہم بھی اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں
کشمیر ہماری شہ رگ ہے، ہاتھ ڈالنے والوں کو مزہ چکھانے کا وقت آگیا ہے، کنونشن سے خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مسلم حکمران یکجا ہوکر کشمیر ،فلسطین،شام کے مظلوم مسلمانوں کے تحفظ کیلئے لائحہ عمل کا اعلان کریں ،مودی کشمیر کے مسلمانوں پر ظلم کرنا چھوڑدے ہم بھی اینٹ کا جواب پتھر سے دینا اچھی طرح جانتے ہیں ،کشمیر ہماری شہ رگ ہے شہ رگ پر ہاتھ ڈالنے والوں کو مزہ چکھانے کا وقت آگیا ہے ،پاکستان ہمارے اباوئاجداد اور اسلاف نے لاکھوں جانوں کے نذرانے دیکر حاصل کیا اور اب کشمیر کو بھارت کے تسلط سے نجات دلانے کیلئے بھی بانیان پاکستان کی اولادیں ہر اول دستے کا کردار ادا کرینگی ،بھارت انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے ذریعے معیشت کو شدید دھچکا پہچانے اور ملک کو کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے ، بانیان پاکستان کی اولادیں بھارت کی ہر سازش کو زمین بوس کردینگی ،پاک فوج قدم بڑھائو پوری قوم آپ کے ساتھ ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیرپور میں کشمیر بنے گا پاکستان کاکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر پی ایس ٹی سندھ کے صدر نور احمد قاسمی ،ارکان مرکزی رابطہ کمیٹی محمد طیب قادری ،محمد آفتاب قادری ،محمد مبین قادری اور صوبائی رہنما خالد حسن عطای ،عمران سہروردی ،مفتی اکرم سکندری ،مولاناحبیب احمد قادری ،مفتی لیاقت قادری ،مولانا عبدالرحمن قادری ،ضلعی صدر حافظ اشفاق احمد آرائیں اور دیگر عہدیداران موجود تھے ، ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے امن کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں ہماری قربانیوں کو نظر انداز نہ کیا جائے ،دواعلیٰ قیادت اور 400سے زائد کارکنوں کی شہادت کے باوجود امن کا پر چم بلند اور انتہاپسندی ودہشتگردی کے خلاف ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے،انہوں نے کہا کہ جھوٹے مقدمات ہمیں حق کی راہ سے نہیں ہٹاسکتے ہم اپنے شہید قائدین کے نیک مشن اسلام کی سربلندی اور ملک کی سلامتی واستحکام کیلئے کام کرتے رہینگے ،وزیر اعظم عمران خان ہندسوں کے ہیر پھیر کو چھوڑ کر حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کو شعار بنائیں ،معیشت کو استحکام دینے کیلئے غریبوں کو ریلیف اور روزمرہ استعمال ہونے والی اشیاء کو سستا کرنا ہوگا ،انہوں نے کہا کہ کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد ویکجہتی کو فروغ دیتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کیلئے کام کریں ،ہمارا مشن اقتدار نہیں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے خدمت کرنا ہے ،پاکستان سنی تحریک بلا تفریق رنگ ونسل عوامی خدمت پر یقینی رکھتی ہے ،حکومت سندھ کراچی ،حیدر آباد ،لاڑکانہ اور سکھرکیلئے ہنگامی بنیادوں پر ترقیاتی کاموں کو فروغ دے ۔