برطانوی شاہی جوڑے کا پاکستان پہنچنے پر شاندار استقبال

October 15, 2019 12:14 pm0 commentsViews: 7

٭ آپ آئے بہار آئی ٭
شہزادہ ولیم اور اہلیہ کیٹ میڈلٹن کو پورے شاہی آداب کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پہنچایا گیا
شاہی جوڑے کی راہ میں سرخ قالین بچھائے گئے، اطراف کے راستوں کو دلہن کی طرح سجایا گیا
برطانوی شاہی جوڑا آج صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرے گا
شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کل لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد کا دورہ کریں گے
برطانوی شاہی مہمانوں کی آمد سے پاک برطانیہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کا شاہی جوڑا پیر کی شب خصوصی طیارے کے ذریعہ نور خان ایئر بیس اسلام آباد پہنچ گیا جہاں انہیں پُرتپاک استقبال کے بعد پورے آداب شاہی کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پہنچایا گیا۔ برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن اسلام آباد پہنچے تو ایئربیس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر بھی ایئربیس پر موجود تھے۔ شاہی جوڑے کی راہ میں سرخ قالین بچھائے گئے، اطراف کو خوب سجایا گیا، بچوں نے مہمان شاہی جوڑے کو گلدستے پیش کیے۔ پاکستان میں چار روزہ قیام کے دوران برطانوی شاہی جوڑا آج صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کرے گا۔ دورہ پاکستان کے دوران شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن آج ہی ایک اسکول کا بھی دورہ کریں گے اور اسی دن ایک فلاحی پروگرام میں بھی شرکت کریں گے۔ شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن کل بدھ کو لاہور جائیں گے جہاں وہ لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کریں گے اور ایک ایس او ایس ولیج کا بھی دورہ کریں گے، دورہ لاہور کے دوران شاہی مہمان نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھی جائیں گے۔ برطانوی شاہی مہمان جمعرات کو چترال جائیں گے جہاں ایک روز گزارنے کے بعد جمعہ 18 اکتوبر کو دوپہر ڈیڑھ بجے وطن واپس روانہ ہوں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ برطانوی شاہی مہمانوں کی آمد سے پاک برطانیہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ پیر کی شب نور خان ایئربیس پر شاہی جوڑے کا خیرمقدم کرنے سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شاہی خاندان کا یہ وفد پاکستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے ساتھ پاکستان کی سیاسی قیادت سے ملاقات بھی کرے گا۔ برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کا یہ دورہ پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورتحال پر اعتماد کا اظہار ہے۔ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ کی لاہور آمد پر سیکورٹی پلان مرتب کرلیا گیا، شاہی مہمانوں کی آمد پر لاہور پولیس کے پانچ ہزار سے زائد اہلکار و افسران سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔