اداکارہ اشنا شاہ کو پیزا ڈلیوری بوائے کی تضحیک پر شدید تنقید کا سامنا

October 15, 2019 12:26 pm0 commentsViews: 4

ڈلیوری بوائے کو تلاش کریں اور اس سے معذرت کریں، سوشل میڈیا صارفین کا اداکارہ سے مطالبہ
پیزا بوائے سے متعلق بات پر ہر کوئی رو رہا ہے، سچ تو یہ ہے میں کتیا کو ہاتھ میں آٹھائی ہوئی تھی‘ آشنا شاہ
کراچی(کلچرل ڈیسک)اداکارہ آشنا شاہ کو پیزا ڈلیوری بوائے کی تضحیک کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی شدید تنقید کا سامنا ہے۔آشنا شاہ نے ٹویٹر پر پیزا ڈلیوی بوائے کی تضحیک پر مشتمل اپنی ایک ٹوئٹ شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے ہاتھ میں ’پٹ بل‘ نسل کی کتیا ہونے کی وجہ سے رات گئے ڈھائی بجے آنے والے پیزا ڈلیوری بوائے کو جنس کی بنیاد پر امتیازی گفتگو اختیار کرتے ہوئے اسے گھر کے اندر آنے کے لیے آمادہ کیا۔اداکارہ آشنا شاہ نے یہ بھی لکھا کہ اس پیزا ڈلیوری بوائے کو یہ بھی کہا کہ مرد بنیں کیوں کہ آپ چار سال کی بچی نہیں ہیں اس لیے مرداندگی پیدا کریں اور اندر آکر پیزا رکھیں۔اشنا شاہ نے اپنی دوسری ٹویٹ میں ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید بتایا کہ اگر وہ پیزا ڈلیوری بوائے پرسکون انداز سے گھر کے اندر آجاتا تو میری کتیار (پٹ بل) اسے صرف سونگھتی اور پھر پیار کرتی۔اشنا شاہ کی جانب سے خود بیان کیے جانے والے اس تضحیک آمیز رویے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ عطیہ عباس نامی خاتون نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کی طبیعت ٹھیک ہے؟ آپ نے فوڈ سروس انڈسٹری سے وابستہ ایسے شخص کی تضحیک کی ہے جنہیں زیادہ کام کرنے کے باوجود کم تنخواہ ملتی ہے، آپ کو شرم آنی چاہیے۔علی نامی صارف نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بہت فخر کی بات ہے، آسکر ایوارڈ کہاں لینا پسند کریں گی؟اعصام احمد نے کہا کہ کہانی کا دوسرا حصہ تو یہ ہونا چاہیے کہ آپ اس ڈلیوری بوائے کو تلاش کریں اور اس سے معذرت کریں تاکہ دوبارہ اس طرح کی حرکت نہ ہو اور آئندہ کسی کو بھی اپنے خون خوار کتے کا نشانہ نہ بنائیں۔صارفین کی جانب سے تنقید کیے جانے پر آشنا شاہ نے ندامت کے بجائے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ پیزا بوائے سے متعلق بات پر ہر کوئی رو رہا ہے، سچ تو یہ ہے کہ میں کتیا کو ہاتھ میں آٹھائی ہوئی تھی اور ڈلیوری بوائے نے اندر آنے سے انکار کردیا تھا۔ ابتدائی دس منٹ تک میں یہی کہتی رہی کہ میرا وعدہ ہے کچھ نہیں ہوگا میں نے کتیا کو پکڑا ہوا ہے اس لیے گزر جائیں، بہادر بنیں شاباش لیکن وہ اندر نہیں آیا۔آشنا شاہ نے یہ بھی کہا کہ میں نے اس کا حوصلہ بڑھایا پر کام نہیں آیا لیکن جب اس کی مردانگی کو چیلنج کیا تو وہ فوری اندر آگیا۔