بہادر نوجوان نے جان پر کھیل کر 2 ڈاکو پکڑوادیئے

October 15, 2019 1:55 pm0 commentsViews: 5

بفر زون میں احسن اپنے دوست کے ساتھ گھر کے باہر بیٹھا تھا ، موٹر سائیکل سوار نے اسلحہ تان لیا
احسن نے ڈاکو کا پستول پکڑ لیا اور علاقہ مکینوں کو پکارنا شروع کردیا، اہل محلہ کے ساتھ مل کر پولیس کے حوالے کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بفرزون میں بہادر نوجوان نے جان پر کھیل کر 2 ڈاکو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیے، لوٹ مار کی ناکام واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی۔ تفصیلات کے مطابق بفرزون میں بہادر نوجوان احسن نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر لوٹ مار کے لیے آنے والے 2 ڈاکوئوں کو پکڑ لیا اور علاقہ مکینوں کی مدد سے پولیس کے حوالے کر دیا، لوٹ مار کی ناکام واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی۔ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بہادر نوجوان ایک گھر کے باہر اپنے دوست کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے کہ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار 2 ڈاکو آئے اور ایک موٹر سائیکل سے اتر کر احسن کے قریب پہنچا اور اسلحہ تان لیا، احسن نے موقع دیکھ کر اس کا پستول پکڑا جبکہ اسی دوران ڈاکو کا دوسرا ساتھی بھی موٹر سائیکل سے اتر گیا ہے اور احسن کو پکڑنے لگا ہے جس پر نوجوان نے اپنی مدد کے لیے علاقہ مکینوں کو پکارنا شرو کر دیا ہے جس کے بعد علاقہ مکین پہنچ گئے نوجوان نے علاقہ مکینوں کی مدد سے ڈاکو کو پکڑ کے پولیس کے حوالے کر دیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈاکوئوں کے قبضے سے اسلحہ ملا ہے اور ان کی موٹر سائیکل تحویل میں لے لی ہے، ایک ڈاکو حال ہی میں جیل سے ضمانت پر رہا ہوا ہے۔