ڈرگ روڈ ریلوے پھاٹک پر ماں اور کمسن بیٹا ٹرین کی ٹکر سے زندگی ہار گئے

October 15, 2019 1:57 pm0 commentsViews: 5

قوت سماعت و گویائی سے محروم متوفیہ طاہرہ بی بی ٹرین کی آواز نہ سن سکی اور اس کی زد میں آگئی
متوفیہ بلدیہ ٹائون کی رہائشی تھی، ناتھا خان میں نماز جنازہ میں شرکت کیلئے آئی تھی، بھائی فیصل انور
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈرگ روڈ ریلوے پھاٹک عبور کرتے ہوئے قوت سماعت و گویائی سے محروم خاتون اور کمسن بیٹا جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈرگ روڈ ریلوے پھاٹک عبور کرتے ہوئے ٹرین کی ٹکر سے ماں اور اس کا کمسن بیٹا جاں بحق ہوگیا، ماں بیٹے کی لاشیں پہلے کینٹ ریلوے اسٹیشن تھانے اور بعدازاں جناح اسپتال منتقل کر دی گئیں جہاں متوفیہ کی شناخت 35 سالہ طاہرہ بی بی زوجہ محمد اقبال اور بیٹے کی شناخت 2 سالہ منیب الرحمن کے نام سے کرلی گئی، متوفیہ بلدیہ ٹائون سوات کالونی کی رہائشی تھی، ڈرگ روڈ ریلوے پولیس کے اے ایس آئی تنویر نے بتایا کہ خاتون اور اس کا بیٹا کوئٹہ سے آنے والی بولان ایکسپریس کی زَد میں آگئے، خاتون قوت سماعت و گویائی سے محروم تھی متوفیہ کے بھائی فیصل انور نے بتایا کہ ان کے بہنوئی کے بھانجے کا انتقال ہوا تھا اور 10 بجے ناتھا خان میں نماز جنازہ تھی اور اس سلسلے میں ان کی اہلیہ اور 2 بہنیں جنازہ میں شرکت کے لیے 9 بجے روانہ ہوئیں جب ان کی فیملی ناتھا خان ریلوے پھاٹک کے قریب پہنچی تو طاہرہ اپنے 2 سالہ بیٹے کے ہمراہ چلتے چلتے آگے نکل گئی اس دوران اسے آوازیں بھی دیں مگر قوت سماعت سے محروم ہونے کی وجہ سے وہ آوازیں نہ سن سکی اور ٹرین کی زَد میں آکر موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ 2 سالہ منیب کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیا۔