پاکستان اور سعودیہ کا خطے میں اختلافات ختم کرنے پر اتفاق

October 16, 2019 12:30 pm0 commentsViews: 3

علاقائی امن و استحکام کی خاطر تنازعات کے سیاسی اور سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم عمران خان کی شاہ سلمان سے گفتگو
ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک روزہ دورہ سعودی عرب میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ علاقائی امن و استحکام کی خاطر خطے میں اختلافات اور تنازعات کے سیاسی اور سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے سعودی فرمانروا کو دورہ ایران سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، دوطرفہ تعلقات، علاقائی امور اور خطے کی امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، حرمین کے تقدس اور حرمت کے لیے پاکستانی قوم یک آواز ہے۔ عمران خان نے شہزادہ محمد بن سلمان کو ہندوستان کے 5 اگست کے یکطرفہ اقدامات، کشمیری عوام پر ظلم و ستم اور اس سے علاقے کی سیکورٹی کو لاحق خطرات سے بھی آگاہ کیا۔