ہاکس بے کے گوداموں سے کروڑوں مالیت کی اسٹیل کوائل برآمد

October 16, 2019 12:38 pm0 commentsViews: 3

کسٹم انٹیلی جنس کے حکام نے کسان اور ایم اے چوہدری گڈ زٹرانسپورٹ کمپنی کے گوداموں پر چھاپہ مارا
8کروڑ سے زائد مالیت کے 911میٹرک ٹن اسمگل شدہ سیکنڈری کوالٹی کے گیلو ینائز ڈ اسٹیل کوائل ضبط ٗ مقدمہ درج کرلیا گیا
کراچی (کامرس ڈیسک) ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن کراچی کے شعبہ آر اینڈ ڈی نے ایک کامیاب کارروائی میں ہاکس بے کے دو گوداموں پر چھاپہ مار کر 8 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 911 میٹرک ٹن اسمگل شدہ سیکنڈری کوالٹی کے گیلوینائزڈ اسٹیل کوائل ضبط کرکے بے قاعدگی میں ملوث 3 درآمد کنندگان میسرز اے ون اسٹیل، میسرز رائیل اسٹیل اور میسرز نیو اعجاز انجینئرنگ کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس کراچی عرفان جاوید کو ایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ بڑے پیمانے پر اسٹیل کوائل کی اسمگلنگ کی جارہی ہے جس پر انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر شیراز احمد کی سربراہی میں ڈپٹی ڈائریکٹر عدنان رفیق، سپرنٹنڈنٹ سید فخر شاہ و دیگر افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دی۔ مذکورہ ٹیم نے ہاکس بے پر قائم دو مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں جن میں میسرز کسان گڈز ٹرانسپورٹ کمپنی اور میسرز ایم اے چوہدری گڈز ٹرانسپورٹ کمپنی شامل ہیں کے گوداموں پر چھاپہ مارا تو ان گوداموں سے اسمگل شدہ اسٹیل کوائل کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔