لیاقت آباد 25 افراد کو کاٹنے والا کتا جھاڑیوں سے مردہ حالت میں مل گیا

October 16, 2019 12:48 pm0 commentsViews: 3

معلوم نہیں ہوسکا کتا اپنے مرض کی شدت کی وجہ سے مرا ہے یا اسے کسی نے مارا ہے، ایف سی ایریا کے مکینوں نے کتے کو شناخت کرلیا
کتے کی تلاش میں رات بھر رینجرز، پولیس اور ریسکیو اداروں کا ایف سی ایریا میں آپریشن، تاہم یہ سب اسے تلاش کرنے میں ناکام رہے، شہری
کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاقت آباد ایف سی ایریا میں 25 افراد کو کاٹنے والا کتا جھاڑیوں سے مردہ حالت میں ملا ہے، معلوم نہیں ہو سکا کہ کتا اپنے مرض کی شدت کی وجہ سے مرا ہے یا اسے کسی نے مارا ہے۔ پولیس کے مطابق علاقہ مکینوں نے کتے کو شناخت کر لیا ہے، کتے کی تلاش میں رات بھر رینجرز، پولیس اور ریسکیو اداروں کا ایف سی ایریا میں آپریشن جاری رہا تاہم یہ سب اسے تلاش کرنے میں ناکام رہے۔ لیاقت آباد، ایف سی ایریا کے مکین اس کتے کے باعث خوف و ہراس میں مبتلا ہو کر گھروں تک محصور ہو کر رہ گئے تھے۔ لوگوں کی مدد کے لیے پہنچنے والے سب انسپکٹر محمد علی کتے کے کاٹنے سے زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں نے جنگل نما علاقے کو گھیرے میں لے کر کتے کی تلاش شروع کر دی تھی۔ دوسری جانب آر ایم او عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر جہانزیب نے بتایا کہ شہری حکومت یا سندھ حکومت کی طرف سے اسپتال کو کتے کے کاٹے کی ویکسین فراہم نہیں کی گئی ہے۔ ایف سی ایریا کے یو سی چیئرمین ساجد نے بتایا کہ ان کے پاس کتے پکڑنے کا اختیار نہیں ہے، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت شہر بھر میں بلاتاخیر کتا مار مہم شروع کرے اور سرکاری اسپتالوں میں کتے کے کاٹے کی ویکسین کی فراہمی یقینی بنائے۔