شاہی جوڑے کی اسلام آباد میں رکشہ کی سیر

October 16, 2019 1:26 pm0 commentsViews: 8

شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے روایتی رکشہ میں سوار ہو کر اسکول کا دورہ کیا
1961 میں ملکہ برطانیہ کو دیکھنے کے لئے بہت دور تک بھاگتا رہا تھا، صدر عارف علوی
شہزادی ڈیانا کیلئے پاکستانی عوام کے دلوں میں بہت پیار ہے، وزیر اعظم کی گفتگو
پاکستان برطانیہ کے لئے بہت اہم ملک ہے، شہزادہ ولیم کا اظہار عقیدت
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے وفاقی دارالحکومت میں مصروف دن گزارا اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جبکہ بہت سے مقامات کے دورے کیے۔ شاہی جوڑے نے رکشہ کی سواری بھی کی، اسکول کے دورہ کے لیے دونوں خوبصورت نقش و نگار سے سجے رکشے میں پہنچے۔ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم ہائوس میں عمران خان سے ملاقات کی۔ شاہی جوڑے نے حکومت کے موسمیاتی تبدیلی اور غربت کے خاتمے کے اقدامات کی تعریف کی۔ صدر عارف علوی نے ملاقات میں بتایا کہ 1961ء میں جب ملکہ برطانیہ پاکستان آئیں تو وہ ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے کراچی کی ایک گلی میں بھاگتے رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا شہزادی ڈیانا کے لیے پاکستانی عوام کے دلوں میں پیار اور خلوص ہے، لیڈی ڈیانا نے انسانی ہمدردی اور خیراتی کاموں سے عزت پائی۔ شاہی جوڑے نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان برطانیہ کے لیے بہت اہم ملک ہے ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم نے مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ شاہی جوڑے نے اسلام آباد میں سرکاری اسکول کا دورہ بھی کیا۔ پرنس ولیم اور ان کی اہلیہ کلاسز میں گئے بچوں سے ملاقات کی اور اساتذہ سے مصافحہ کیا۔ شاہی جوڑا الگ الگ میزوں پر بچوں کے ساتھ بیٹھ گیا اور ان میں گھل مل گیا۔ انہوں نے بچوں سے مزے مزے کی باتیں کی اور سبق بھی سنا۔ برطانوی شاہی جوڑے نے مارگلہ ہلز میں ندی کی سیر کی اور حکام نے انہیں مارگلہ نیشنل پارک پر بریفنگ بھی دی۔ شاہی جوڑا مارگلہ نیشنل پارک کی خوبصورتی سے بہت متاثر ہوا۔

شاہی جوڑا پاکستانی چٹخاروں سے لطف ضرور اٹھائے، سی این این کا مشورہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے شاہی جوڑے کو مشورہ دیا ہے کہ شاہی جوڑا پاکستانی چٹخاروں کا لطف ضرور اٹھائے۔ سبزی، پکوڑے، سیخ کباب، چپلی کباب، شامی کباب ضرور کھائیں۔ مغل بریانی، حلیم، سری پائے، نہاری بھی ضرور کھائیں۔ میٹھے میں گجریلا، مشروب میں مینگو جوس، لسّی کا تڑکا ضرور لگائیں۔

شاہی جوڑے
کے اعزاز میں دیئے گئے
عشایئے میں بدنظمی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) برطانوی شاہی جوڑا 5 روزہ دورے پر پاکستان آیا ہوا ہے اور آج شاہی جوڑے کی وزیراعظم سے ملاقات بھی ہوئی۔ آج شام شاہی جوڑے کے اعزاز مین برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے عشائیہ کا انعقاد کیا گیا تھا لیکن اس تقریب میں بدنظمی پیدا ہو گئی جس کی وجہ سے تقریب میں بہت سے مہمان آئے ہی نہیں اور آئے ہوئے بہت سے مہمان بھی واپس چلے گئے۔مہمان تقریب میں بدنظمی پیدا ہونے کی وجہ سے واپس چلے گئے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل آج صبح برطانوی شاہی جوڑا وزیراعظم ہاؤس پہنچا جہاں انکا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کیٹ مڈلٹن نے سبز رنگ کا خوبصورت جوڑا زیب تن کر رکھا تھا جس سے پاکستان کی ثقافت جھلک دکھ رہی تھی۔شاہی جوڑے کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان سمیت چار وزراء ظہرانے میں شریک ہوئے۔