برطانوی شاہی جوڑا لاہور پہنچ گیا

October 17, 2019 1:46 pm0 commentsViews: 6

لاہور: برطانوی شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ مڈلٹن پاکستان کے دورے کے چوتھے روز لاہور پہنچ گئے۔ لاہور آمد کے موقع پر شاہی جوڑے کا استقبال گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب نے کیا۔ برطانوی شاہی جوڑا لاہور آمد کے موقع پر دوپہر ساڑھے 12 بجے ایس او ایس ویلج میں تقریب میں شرکت کرے گا۔ بعد ازاں شاہی جوڑا دوپہر1 بج کر 30 منٹ پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کرے گا۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شاہی جوڑے کے خصوصی استقبال کی تیاریاں جاری ہیں۔ شاہی جوڑا دوپہر 3 بجے بادشاہی مسجد جب کہ 4 بجے شوکت خانم اسپتال میں منعقد کی جانے والی تقریب میں شرکت کرے گا۔ شاہی جوڑے کو لاہور میں صدارتی پروٹوکول دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن 14 اکتوبر کی شب 5 روزہ تاریخی دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔ شاہی جوڑے نے اپنے دورے کا آغاز دارالحکومت اسلام آباد کے ایک سرکاری اسکول سے کیا، بعد ازاں صدرو وزیراعظم سے ملاقات کی۔ شاہی جوڑا 18 اکتوبر کو وطن واپس روانہ ہوگا۔ گزشتہ 10 سال میں کسی بھی برطانوی شاہی جوڑے کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔