عجائب گھر کے پارک سے تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا مزاحمت کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی

October 18, 2019 11:54 am0 commentsViews: 3

سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے برنس گارڈن میں غیر قانونی تعمیرات مسمار کردیں
تاریخی بزنس گارڈن میں ایک بڑا کیفے اور چار دکانوں سمیت پختہ تعمیرات قائم کرلی گئی تھیں جسے توڑنے کیلئے بھاری مشینری استعمال کی گئی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے نے جمعرات کو ایک خصوصی کارروائی کرتے ہوئے برنس روڈ کے علاقے میں واقع تاریخی برنس گارڈن میں قائم غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کردیا جہاں ایک بڑا کیفے اور چار دکانوں سمیت دیگر پختہ تعمیرات قائم تھیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع جنوبی میںواقع برنس گارڈن( عجائب گھر) کے احاطے میں گزشتہ کئی سال سے کاروباری سرگرمیاں جاری تھیں اور پختہ تعمیرات کرکے تجاوزات قائم کرلی گئی تھیں تاہم سپریم کورٹ کی ہدایت پر سینئر ڈائریکٹر محکمہ انسداد تجاوزات بشیر صدیقی کی نگرانی میں یہاں آپریشن کرکے غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کردیا گیا۔ آپریشن کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر افتخار صدیقی آصف جیٹھا‘ نعمان احمد‘ علاقہ پولیس اور محکمہ انسداد تجاوزات کا عملہ بھی موجود تھا۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے عملے نے پختہ تعمیرات کو توڑنے کیلئے بھاری مشینری کا استعمال کیا۔ بعض لوگوں نے مزاحمت کرنے کی بھی کوشش کی مگر علاقہ پولیس کے تعاون سے ان پر قابو پالیا گیا۔ سینئر ڈائریکٹر محکمہ انسداد تجاوزات بشیر صدیقی نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت ہے کہ کسی بھی پارک میں کمرشل سرگرمیاں یا تعمیرات نہیں ہوسکتیں۔