پی ٹی وی کراچی مرکز سے لائیو شو ’’مارننگ ایٹ ہوم‘‘ کا آغاز

October 18, 2019 12:17 pm0 commentsViews: 1

کراچی (پ ر) پی ٹی وی کراچی مرکز سے پیش کیے گئے لائیو شو صبح نو کے اختتام کے بعد کراچی مرکز سے نیا شو ’’مارننگ ایٹ ہوم‘‘ پیش کیا جارہا ہے جس کی میزبانی کے فرائض شوبز حلقے اور ناظرین کی پسندیدہ فنکارہ نادیہ خان بڑی خوبصورتی سے انجام دے رہی ہیں۔ یہ لائیو شو ہر ہفتے پیر تا جمعہ صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک پی ٹی وی نیوز سے جاری رہتا ہے جس میں مختلف شعبے جن میں بچوں کی تعلیم و تربیت، قانونی مسائل، صحت عامہ، فیشن اور اسٹائل ہوم، ڈیکوریشن، بزنس کے علاوہ دیگر اسائمنٹ شامل ہیں۔ اس پروگرام میں مدعو کیے گئے مہمانوں سے ان کے شعبے سے متعلق مختلف مسائل اور اس کے حل کے حوالے سے مفید گفتگو کی جاتی ہے تاکہ ناظرین اس پروگرام کے ذریعے بہتر سے بہتر معلومات حاصل کر سکیں۔ لائیو شو مارننگ ایٹ ہوم کے پروڈیوسر امجد حسین شاہ ہیں جبکہ معاون پروڈیوسر غلام رسول ہیں۔ یہ شو جنرل منیجر کراچی مرکز عطااللہ بلوچ اور ایگزیکٹو پروگرامز منیجر محمد شجاعت اللہ کی نگرانی میں پیش کیا جارہا ہے۔