کلفٹن کراچی غیر معیاری کھانا فروخت کرنے والے ہوٹلوں کیخلاف کریک ڈائون ریسٹورنٹ سیل ایک لاکھ روپے جرمانہ

October 19, 2019 1:31 pm0 commentsViews: 5

خصوصی جانچ پڑتال اور چھاپے سی بی سی کی فوڈ سیل کی جانب سے کئے گئے، درجن بھر ریسٹورنٹ کے معائنے کے بعد جرمانے اور تنبیہ کی گئی، سیل کئے گئے ریسٹورنٹ میں زائد المیعاد گوشت و دیگر اشیاء اسٹوریج تھیں
سپر ہائی وے پر ریسٹورنٹ میں شیشہ پلانے اور غیر قانونی سرگرمیوں کیخلاف سماعت مالک کو طلب کرلیا گیا، پولیس کو جھوٹی رپورٹ لانے پر شرم نہیں آئی، سندھ ہائی کورٹ نے پولیس افسر کی سرزنش کردی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے ناقص اور غیر معیاری کھانا فروخت کرنے پر 12 ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی، ایک ریسٹورنٹ کو سیل کر کے ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا، سپرہائی پر ریسٹورنٹ میں شیشہ پلانے اور غیر قانونی سرگرمیوں پر سندھ ہائی کورٹ کی برہمی، پولیس افسر کی سرزنش کردی۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے مطابق سی بی سی کی کمرشل جبکہ دیگر حدود میں واقع ریسٹورنٹس اور ہوٹلوں کی جانچ پڑتال کی گئی، ترجمان سی بی سی کے مطابق خصوصی جانچ پڑتال اور چھاپہ مار کارروائی حال ہی میں قائم ہونے والے سی بی سی کی فوڈ سیل کی جانب سے کی گئی جس کے دوران 12 ریسٹورنٹس اور ہوٹلوں کے معائنے کے دوران انہیں جرمانے اور تنبیہ کی گئی جبکہ ایک ریسٹورنٹ کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ سیل کر دیا گیا، ترجمان سی بی سی کے مطابق مجموعی طور پر ریسٹورنٹ اور ہوٹلز انتظامیہ پر 3 لاکھ روپے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ کارروائی کی بنیادی وجہ ناقص اور غیر معیاری کھانے کی فروخت اور ہوٹل کے کولڈ ایریاز 6 ماہ پرانے زائد المیعاد گوشت اور دیگر کھانے پینے کی اشیا کی اسٹوریج تھی۔ ادھر جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس آغا فیصل پر مشتمل بینچ کے روبرو سپرہائی وے پر ریسٹورنٹ میں شیشہ پلانے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کی پابندی کے باوجود ریسٹورنٹ میں شیشہ پلانے کی سہولت موجود ہے، عدالت نے سپرہائی وے پولیس کی رپورٹ مسترد کردی جسٹس محمد علی مظہر نے پولیس کی رپورٹ پر ریمارکس دیے کہ پولیس جھوٹی رپورٹ لے کر عدالت آجاتی ہے تمہیں اس پر شرم نہیں آتی؟ عدالت نے پولیس افسر کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس میں کہاکہ شاہ سے زیادہ شاہ کا وفادار بننے کی کوشش نہ کرو، عدالت نے ایس ایچ او سپرہائی وے کو ریسٹورنٹ کا معائنہ کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے 5 نومبر کو ریسٹورنٹ مالک کو بھی پیش کرنے کی ہدایت کردی۔