چہلم حضرت امام حسینؓ عقیدت و احترام سے منایا گیا

October 21, 2019 11:31 am0 commentsViews: 1

گزر گاہوں کی واک تھرو گیٹ اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی کی گئی
پولیس اور رینجرز کے 5ہزار 313اہلکار تعینات، ایم اے جناح روڈ مکمل سیل
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھر کی طرح کراچی سمیت سندھ بھر میں رسول اکرم ؐ کے نواسے سیدنا امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کا چہلم روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے علامہ شبر زیدی، ناصر علی اور علی رضا کی سربراہی میں برآمد ہوا جس کی گزر گاہوں کی واک تھرو گیٹ اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی کی گئی، موبائل فون کی سروس جزوی طور پر معطل رہی جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈبل سواری پر بھی پابندی رہی،پولیس اور رینجرز کے5ہزار 313اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا، ایم اے جناح روڈ کو مکمل طور پر کنٹینرز لگا کر سیل کیا گیا جبکہ جلوس کے راستے میں آنے والی دکانوں کو ایک روز قبل ہی بند کردیا گیا تھا۔سندھ کے دیگر شہروں کے ساتھ ساتھ ضلع جیکب آباد میں 35ماتمی جلوس برآمد ہوئے جن کی گزرگاہوں پر نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے، 3مانیٹرنگ روم قائم کیے گئے شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی گئی،1800پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔