بلدیہ ضلع وسطی گلبرگ ٹائون کی سڑکیں اور فٹ پاتھ فروخت کردی گئیں

October 21, 2019 11:37 am0 commentsViews: 3

جگہ جگہ گنے کے رس کی مشینیں، ٹائر پنکچر شاپس، برگر، چپس، پھل و سبزیوں کے اسٹال قائم
لینڈ یوٹیلائزیشن کے نام پر عامر شاہ عرف شاہ جی نامی ملازم نے لوٹ مار شروع کردی، ذرائع
کراچی(وقا ئع نگارخصوصی) بلدیہ ضلع وسطی کے گلبرگ زون کی سڑکیں اورفٹ پاتھ تجاوزات مافیا اور قبضہ مافیا کو کروڑوں روپے نذرانوں کے عیوض فروخت کئے جانے کا انکشاف،لینڈ یوٹیلائزیشن کی مد میں بھی بڑے پیمانے پر لوٹ مار کی جانے لگی،عامر شاہ عرف شاہ جی نامی ملازم نے انچارج گلبرگ زون کا چارج سنبھالنے کے بعدمیونسپل کمشنر کی مبینہ آشیرباد سے واٹر پمپ مارکیٹ،عائشہ منزل،گلبرگ،کریم آباد،حسین آباد،دستگیر، سمن آباد سمیت دیگر علاقوں میں ہزاروں تجاوزین آباد کردیئے،بلڈنگ میٹریل،جنریٹرز سمیت دیگر مد میں بھی لاکھوں روپے ماہانہ کا غبن کیا جانے لگا،بدترین صورتحال کے باوجود منتخب نمائندے پراسرار خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں،شہریوں نے تحقیقاتی اداروں سمیت عدلیہ سے فوری نوٹس اور کارروائی کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ ضلع وسطی میں سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود بدعنوان ملازمین لاکھوں روپے بھتے کے عیوض سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی خریدوفروخت میں مصروف ہیں،ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ضلع وسطی کے نارتھ کراچی،لیاقت آباد اور نارتھ ناظم آباد کی طرح گلبرگ زون کو بھی تجاوزات مافیا کیلئے جنت بنادیا گیا ہے،جگہ جگہ گنے کے رس کی مشینیں،سڑکوں پر ٹائر پنکچر شاپس،برگر ،چپس سمیت پھل وسبزیوں کے اسٹال سڑکوں پر قائم کرادیئے گئے ہیں۔