کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف مزید سخت ایکشن

October 21, 2019 11:40 am0 commentsViews: 11

انہدامی کارروائیوں کی رپورٹس روزانہ کی بنیاد پر جمع کرائی جائیں، سیکریٹری بلدیات
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر کے دورے کے موقع پر افسران کے تعارفی اجلاس سے روشن علی شیخ کا خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) غیرقانونی تعمیرات کا ابتدائی مرحلے میں خاتمہ کیا جائے، یہ بات سیکریٹری بلدیات سندھ روشن علی شیخ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دورے کے موقع پر افسران کے تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ غیرقانونی تعمیرات شہر کے ماتھے پر بدنْما داغ ہیں، انہوں نے غیرقانونی تعمیرات کے سدباب پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہری ترقی میں رکاوٹ اور مسائل میں اضافے کا سبب بننے والی تعمیرات کیخلاف انہدامی کارروائیوں میں بہتری لائی جائے، روشن علی شیخ نے اجلاس میں شریک ڈائریکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہدامی کارروائیوں کی رپورٹس سندھ سیکریٹریٹ میں میرے دفتر میں روزانہ کی بنیاد پر جمع کرائی جائیں اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، سیکریٹری بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ SBCA صوبے ریوینو جنریٹ کرنے کے حوالے سے ایک اہم اور خودمختار ادارہ ہے، ون ونڈو فیسلیٹی کو سراہتے ہوئے روشن علی شیخ نے کہا کہ یہ سہولت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے تحت سندھ حکومت کا گرانقدر قدم ہے جس سے عوام کو سہولیات میسر آرہی ہیں، انہوں نے ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ غیرقانونی تعمیرات پر سخت چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے، روشن علی شیخ نے اجلاس میں شریک SHO ایس بی سی اے تھانہ کو خاص طور پر ہدایت کی کہ ناجائز تعمیرات کیخلاف سیکشن 19 کے تحت FIR درج کرکے ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، انہوں نے ایگزیکٹو لاء آفیسرز کو بھی ہدایت کی کہ پراسیکیوشن کے عمل کو بہتر بنا کر مقدمات کو جلدازجلد نمٹایا جائے۔