ایل او سی پر فائرنگ، پاک فوج کا جوان اور 5 شہری شہید، 9 بھارتی فوجی جہنم واصل متعدد زخمی

October 21, 2019 12:13 pm0 commentsViews: 2

بلااشتعال فائرنگ کے تبادلے میں 2 سپاہی اور 3 شہری زخمی ‘ پاک فوج کے منہ توڑ جواب پر 2 بھارتی بنکرز بھی تباہ، ڈی جی آئی ایس پی آر
بھارتی فوج کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا ہمیشہ بھرپور جواب ملے گا‘جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا،ترجمان پاک فوج
راولپنڈی(مانیٹرنگ دیسک) بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا جوان اور 5 شہری شہید ہوگئے جب کہ فوج کی جوابی کارروائی میں 9 بھارتی فوجی ہلاک متعدد زخمی اور دو بنکرز تباہ ہوگئے۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کئے گئے بیان کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے جوڑا، شاہ کوٹ اور نوسہری سیکٹرز میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال شدید فائرنگ کی جس پر پاک فوج نے بھی موثر جواب دیا۔فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی اور 5 شہری شہید جب کہ 2 سپاہی اور 3 شہری زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں ہر ممکن طبی سہولت مہیا کی جارہی ہے۔ پاک فوج کے منہ توڑ جواب پر بھارتی فوج کے 9 سپاہی ہلاک اور دشمن کے 2 بنکرز تباہ کردیئے گئے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی فوج نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارت دہشت گردوں کے مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانے کا جھوٹ چھپانے کے لیے معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے۔میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا ہمیشہ بھرپور جواب ملے گا۔ پاک فوج لائن آف کنٹرول کے ساتھ وہاں آباد شہریوں کی مکمل حفاظت کرے گی اور بھارتی فوج کو اپنے اقدام پر بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔