قومی ٹوئنٹی 20 کپ میں آخری رائونڈ آج سے شروع ہوگا

October 21, 2019 12:18 pm0 commentsViews: 6

سندھ کا سامنا سدرن پنجاب سے ہوگا، کل پنجاب کی ٹیم خیبر پختونخوا کے مقابل آئے گی
بولنگ میں سندھ الیون میں شامل محمد حسنین نے 9 وکٹیں لے کر کامیاب ترین بولر کا اعزاز حاصل کرلیا
کراچی (اسپورٹس ڈیسک) قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں دو دن آرام کے بعد آخری رائونڈ آج سے شروع ہونے جارہا ہے، اختتامی مرحلے میں آج سندھ کا سامنا سدرن پنجاب سے ہوگا منگل کو سینٹرل پنجاب کی ٹیم خیبر پختونخوا کے مقابل آئے گی، بلوچستان کی ٹیم اپنا پانچواں اور آخری معرکہ ناردرن کے خلاف بدھ کو کھیلے گی، سردست پوائنٹس ٹیبل میں ناردرن کی ٹیم 4 میچز میں 3 فتوحات سمیٹ کر 6 پوائنٹس جوڑ کر سرفہرست ہے، بلوچستان نے بھی تین کامیابیاں حاصل کرکے 6 پوائنٹس لے کر دوسری پوزیشن لے رکھی ہے، تاہم بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر ناردرن نے پہلی پوزیشن سنبھال رکھی ہے، سندھ کی ٹیم 4 میچز میں 2 میں کامیاب رہی، جبکہ 2 میں اسے ناکامی کا سامنا رہا 4 پوائنٹس نے اسے تیسری پوزیشن کا حقدار بنا رکھا ہے۔ سدرن اور سینٹرل پنجاب یکساں طور پر تین تین پوائنٹس لے کر لے بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں، خیبرپختونخوا 4 میچز میں سے تین میں ناکام رہی جبکہ محض ایک فتح نے انہیں دو پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر جگہ دلا رکھی ہے، بیٹنگ میں خیبر پختونخوا کے محمد رضوان 4 اننگز میں 66 کی اوسط سے 108 رنز بنا کرسب سے نمایاں ہیں، بلوچستان کی ٹیم میں شامل اویس ضیا نے 46.50 کی ایوریج سے 186 رنز بنا کر دوسری پوزیشن سنبھال رکھی ہے، ناردرن کے آصف علی 182 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر براجمان ہیں ان کی اوسط 60.66 ہے، بولنگ میں سندھ الیون میں شامل محمد حسنین کو 9 وکٹیں لے کر کامیاب ترین بولر کا اعزاز حاصل ہے، سینٹرل پنجاب کی جرسی زیب تن کرنے والے فہیم اشرف اور کے پی کے میں شامل محمد محسن یکساں طور پر 8، 8 شکار کر کے دوسرے اور تیسرے بہترین بولر بنے ہوئے ہیں۔