اورنگی ٹائون ٗ بلوچ گوٹھ ٗ بنگالی پاڑہ میں کومبنگ آپریشن

October 21, 2019 12:18 pm0 commentsViews:

بدنام زمانہ منشیات فروش ابوالفیاض کو گرفتار کرکے 2کلو 100گرام منشیات قبضے میں لے لی
گرفتار منشیات فروش کا بیٹا فرحان 550گرام چرس چھوڑ کر فرار ہوگیا ٗ ایس ایس پی ویسٹ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹائون بلوچ گوٹھ اور بنگالی پاڑہ میں پولیس نے کومبنگ آپریشن کے دوران بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کرکے قبضے سے منشیات برآمد کرلی، منشیات فروش کا بیٹا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ایس ایس پی ویسٹ شوکت کھٹیان کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پولیس کی جانب سے اورنگی ٹائون سیکٹر 12 بلوچ گوٹھ اور بنگالی پاڑہ میں آپریشن کیا گیا جس کے دوران بدنام زمانہ منشیات فروش ابوالفیاض عرف فیاض بنگالی نذیر احمد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ منشیات فروش کا بیٹا فرحان ولد ابوالفیاض موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق گرفتار منشیات فروش کے قبضے سے 2 کلو 100 گرام چرس برآمد کر لی گئی جبکہ گرفتار منشیات فروش کا بیٹا فرحان 550 گرام چرس چھوڑ کر فرار ہوا، انہوں نے بتایا کہ گرفتار منشیات فروش کے خلاف ماضی میں مختلف تھانوں میں 6 مقدمات درج ہیں جن میں وہ پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل جاچکا ہے۔