لیاری گینگ وار کارندے کے گھر سے مدفون اسلحہ برآمد

October 21, 2019 12:18 pm0 commentsViews: 5

افضال شاہ عرف اجھو کا تعلق عذیر بلوچ گروپ سے ہے، ایس ایچ او کلری
ملزم قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، بھتہ خوری اور دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث ہے
کراچی (کرائم رپورٹر) کلری پولیس نے لیاری گینگ وار کے اہم کارندے کو گرفتار کر لیا، ملزم پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد کے قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور پولیس پر حملوں میں ملوث ہے۔ تفصیلات کے مطابق کلری پولیس نے لیاری نیا آباد میں کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے کارندے کو گرفتار کرلیا ایس ایچ او کلری انسپکٹر سجاد حیدر کے مطابق گرفتار ملزم افضال شاہ عرف اچھو کا تعلق عذیر بلوچ گروپ سے ہے، ملزم سے ایک کلاشنکوف، 10 رائونڈ اور ایک ٹی ٹی پستول بمع 4 رائونڈ برآمد کر لیا گیا، گرفتار ملزم کے خلاف A(1)23 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، ملزم سے ابتدائی تفتیش کے بعد اس کی نشاندہی پر اس کے گھر کے صحن میں کھدائی کرکے 2 کلاشنکوف، 9 میگزین، 3 دستی بم اور 500 سے زائد مختلف اقسام کے اسلحے کی گولیاں برآمد کرلیں۔ گرفتار ملزم کے خلاف ٹھٹھہ کے تھانہ دھابیجی میں بھی اسلحہ کا مقدمہ درج ہے ملزم قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، بھتہ خوری اور دہشت گردی کی دفعہ 7ATA کے مقدمات میں مفرور ہے اور عدالت سے اشتہاری ہے ملزم نے 2015ء میں ساتھیوں کے ہمراہ بغدادی تھانے کی پولیس چوکی پر بھی حملہ کیا تھا۔