کلفٹن میں ‘پلاسٹک سے بنے انڈوں کی فروخت ٗ2ملزمان گرفتار

October 21, 2019 12:22 pm0 commentsViews: 6

سندھ فوڈ اتھارٹی کی عوامی شکایت پر پولیس کے ساتھکارروائی‘انڈوں کے102 کریٹ برآمد کرلیے
جعلی انڈے گھارو سے کراچی لاکر سپلائی کئے جاتے ہیں ‘ مزید جانچ کیلئے لیبارٹری بھیج دیا ‘ترجمان
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ فوڈ اتھارٹی نے عوامی شکایت پر کلفٹن کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے پلاسٹک سے بنے انڈے فروخت کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرکے انڈوں کے ایک سو دو کریٹ برآمد کرلیے۔تفصیلات کے مطابق کلفٹن میں پلاسٹک سے بنے انڈے فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، سندھ فوڈ اتھارٹی نے پولیس کے ساتھ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں کارروائی کی۔اس حوالے سے سندھ فوڈ اتھارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک فیملی کی شکایت موصول ہونے کے بعد کارروائی کی گئی، پلاسٹک سے بنے انڈوں کی فروخت کی شکایت پر دکان پر چھاپہ مارا گیا۔دکان سے پلاسٹک کے انڈوں کے دو کریٹ برآمد ہوئے اور2افراد کو گرفتار کرلیا گیا، ابتدائی جانچ پڑتال کے مطابق انڈے پلاسٹک مٹیریل سے بنائے گئے ہیں۔انڈوں کی مزید جانچ کیلئے انہیں لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے، سندھ فوڈاتھارٹی کے مطابق انڈے سپلائی کرنے والی گاڑی سے بھی سو سے زائد کریٹ برآمد ہوئے ہیں۔گرفتار ملزمان نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں بتایا ہے کہ مذکورہ انڈے گھارو سے کراچی لاکر سپلائی کئے جاتے ہیں۔