سلیکٹڈ حکومت کا استعفیٰ لے کر آئینگے شاہ محمد شاہ

October 21, 2019 12:35 pm0 commentsViews: 1

کراچی سے ن لیگ کا بڑا کاررواں 27 اکتوبر کو مسلم لیگ ہائوس کارساز سے روانہ ہوگا
عمران خان کو ہم پر فائر کھولنا ہے مارنا ہے مار دے پیچھے نہیں ہٹیں گے، پریس کانفرنس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ کراچی سے مسلم لیگ (ن) کا بڑا کارواں 27 اکتوبر کو مسلم لیگ ہائوس کارساز سے روانہ ہو گا، 31 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں گے اور خالی ہاتھ نہیں آئیں گے بلکہ اس سلیکٹڈ حکومت کا استعفیٰ لے کر آئیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمیں امن سے احتجاج کرنے دیا جائے۔ عمران خان کو ہم پر فائر کھولنا ہے مارنا ہے مار دے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ 22 کروڑ عوام ہمارے امپائر ہیں ہم کسی سے نہیں ڈرتے ہیں، جمہوریت قوتیں مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مسلم لیگ ہائوس کارساز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر (ن) لیگ کے رہنما اسدعثمانی، طارق چوہدری، امان اللہ، خواجہ سلمان، خرم بھٹی، نثار شاہ، راجہ انصاری، شہباز شیخ اور خالد شیخ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ نے آزادی مارچ میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے 31 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں گے وہاں پہنچ کر خالی ہاتھ نہیں آئیں گے اس سلیکٹڈ حکومت کا استعفیٰ لے کر آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری مشاورت جاری ہے سندھ کے بیٹے کو کرکٹ سے ہٹایا گیا، اسٹیٹ بینک بھی لے کر جارہے ہیں، پتا نہیں سندھ کے ساتھ کیا کیا ہونے جارہا ہے۔ شاہ محمد شاہ نے کہاکہ کراچی سے مسلم لیگ (ن) کا بڑا کارواں 27 اکتوبر کی صبح 9 بجے مسلم لیگ ہائوس میں جمع ہوگا۔ حیدرآباد، ٹھٹھہ، ٹنڈو محمد جام سے تمام ونگ کو لے کر جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ عمرکوٹ تھرپارکر والے مٹیاری سے جوائن کریں گے راستے میں ساتھی ملتے جائیں گے اور مختلف جگہوں پر خطاب کرتے ہوئے سکھر پہنچیں گے۔ کارکن ہمارے ساتھ ہیں ہم سڑک سے جائیں گے انہوں نے کہاکہ ہم ہوٹلوں میں رہنے نہیں جارہے آزادی مارچ میں شرکت کے لیے جارہے ہیں، شاہ محمد شاہ نے کہاکہ تمام جماعتیں مل کر فورس بن کر اسلام آباد روانہ ہوں گی سندھ کا بارڈر کراس کرتے ہی پنجاب کی پارٹی ہمارا استقبال کرے گی۔