کراچی میں4 سے زائد منزلہ عمارتیں گرانے کا فیصلہ

October 22, 2019 12:23 pm0 commentsViews: 14

شہر کی کچی آبادیوں میں قائم اونچی عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری کئے جائینگے‘ صوبائی وزیر مرتضیٰ بلوچ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ حکومت نے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے لیے کراچی بھر کی کچی آبادیوں میں قائم 4 سے زائد منزلہ عمارتیں گرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سندھ کے وزیر کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی میں خدانخواستہ زلزلہ آگیا تو کچی آبادیوں میں بڑا نقصان ہو سکتا ہے، تمام کچی آبادیوں میں قائم بڑی عمارتوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا حکم دیا ہے۔ مرتضیٰ بلوچ نے کہاکہ پہلے مرحلے میں تمام کچی آبادیوں میں قائم بڑی عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری کیے جائیں گے اور اس کے بعد محکمہ کچی آبادی، کے ڈی اے، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور پولیس مل کر آپریشن کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کی تمام کچی آبادیوں میں قائم 4 سے زائد منزلہ عمارتوں کو مسمار کرکے مالک اور ٹھیکیدار کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے جبکہ مزید بڑی عمارتیں بنانے والے مالکان کے خلاف بھی ایکشن ہوگا۔ صوبائی وزیر نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کچی آبادیوں میں بننے والی بڑی عمارتوں میں فلیٹ نہ لیں کیونکہ 3 منزلوں سے زیادہ بلند عمارتیں غیر قانونی ہیں اور زلزلے کی صورت میں بڑے نقصان کا اندیشہ بھی ہے۔