کرپشن میں ملوث 76افراد کی گرفتاری کا فیصلہ ٗ بیورو کریسی میں کھلبلی مچ گئی

October 23, 2019 12:44 pm0 commentsViews: 6

محکمہ اسکول ایجوکیشن ٗ یونیورسٹی ٗ بورڈز ٗ محکمہ خوراک ٗ بلدیات ٗ ورکس اینڈ سروسز ٗ محکمہ کوآپریٹو کے بدعنوان افسران پر اربوں کی کرپشن کا الزام ہے
سندھ سیکریٹریٹ کمپلیکس 7 اور 8کی تعمیر میں کروڑوں روپے کے گھپلوں میں پی ڈی کا مران واصف سمیت ٹھیکیدار کو گرفتار کرنے کا حکم دیدیا گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ اینٹی کرپشن سندھ نے مختلف محکموں میں اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث 76 افراد کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن سندھ کی کمیٹی ون کا اہم اجلاس منگل کو ہوا جس میں کیے گئے اہم فیصلوں سے بیورو کریسی میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں حکومت سندھ کے مختلف محکموں میں اربوں کی کرپشن کے خلاف بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن، یونیورسٹی اور بورڈز، محکمہ خوراک، بلدیات، ورکس اینڈ سروسز، محکمہ کوآپریٹو سمیت متعدد محکموں میں بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ سندھ سیکریٹریٹ کمپلیکس 7 اور 8 کی تعمیر میں کروڑوں روپے کے گھپلوں میں پروجیکٹ ڈائریکٹر کامران آصف سمیت ٹھیکیدار کو گرفتار کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ جیکب آباد میں گھوسٹ اساتذہ کی کروڑوں روپے کی تنخواہوں کی وصولی کے گھپلوں میں 17 مقدمات درج کرنے اور 76 افراد کو گرفتار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ خوراک میں سنگین بدعنوانیوں میں ملوث کراچی اور دادو کے 10 افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ کراچی اور حیدرآباد میں محکمہ یونیورسٹی بورڈ میں بے نظیر بھٹو یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام اور ووکیشنل ٹریننگ سینٹر میں کروڑوں روپے کے گھپلوں میں ملوث 22 افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔ اجلاس میں کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کو تقریبات کے لیے استعمال کرکے قومی خزانے کو بھاری مالی نقصان پہنچانے میں ملوث سابق ڈائریکٹر طاہر درانی سمیت 9 افسران اور 6 کیٹرنگ سروس کمپنیوں کے ذمہ داران کے خلاف بھی کارروائی کی منظوری دی گئی ہے۔