مارچ اور دھرنے کی باتیں ملک دشمنی کے سوا کچھ نہیں، وزیراعظم

October 23, 2019 12:44 pm0 commentsViews: 5

یقین سے کہتا ہوں مارچ اور دھرنے سے کسی کو فائدہ نہیں ملے گا،، اپوزیشن رہنماؤں سے انفرادی رابطوں پر اتفاق
کابینہ ارکان ہرصورت آزادی مارچ ناکام بنانے کیلئے تیارہیں‘حکومتی کمیٹی نے وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ مسترد کردیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یقین سے کہتا ہوں مارچ اور دھرنے سے کسی کو فائدہ نہیں ملے گا، مارچ کی باتیں ملک دشمنی کے سوا کچھ نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے جس کے مطابق وزیراعظم عمران خان آزادی مارچ سے متعلق حکومتی اقدامات پراعتماد ہیں، کابینہ ارکان بھی ہرصورت آزادی مارچ ناکام بنانے کے لیے تیار اور پْرعزم ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کی باتوں سے ملک کے مثبت تشخص کو نقصان پہنچے گا، معیشت بہتر ہوگئی ہے، سرمایہ کاری آنے لگی ہے اب مارچ والے سرمایہ کاروں کو کیا پیغام دے رہے ہیں۔عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں مسئلہ کشمیر اور معیشت بہتر بنانے کی لگی ہے اور اپوزیشن کو مارچ کی پڑی ہے، یہ جو کچھ کررہے ہیں اس سے عالمی برادری کیا تاثر لے گی۔دوسری جانب ایوان صدر میں حکومتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آزادی مارچ اور اپوزیشن سے رابطوں کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی کمیٹی نے وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ مسترد کردیا۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومتی کمیٹی نے اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے، اپوزیشن رہنماؤں سے انفرادی رابطوں پر اتفاق کیا گیا ہے۔