کریک ڈائون جاری اردو بازار، برنس روڈ اور یو کے اسکوائر سے تجاوزات کا صفایا

October 23, 2019 12:50 pm0 commentsViews: 5

ٹھیلے، پتھارے، کیبنز، کھانے پینے کے اسٹال، ریڑھیاں، تخت، کرسیاں میزیں، پنجرے اور گنے کی مشین ضبط کرلی گئیں
دکانوں کے آگے بنائے گئے چبوترے، دیواریں، جالیاں، سن شیڈز بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کردیئے گئے، کارروائیاں ضلع وسطی اور جنوبی میں کی گئیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے ضلع جنوبی اور ضلع وسطی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران مختلف سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم بڑی تعداد میں پتھارے، کیبن، فوڈ اسٹالزکو ہٹا دیا جبکہ دکانوں کے آگے بنائے گئے چبوترے، دیواریں اور سن شیڈز کو بھی مسمار کردیا گیا، تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر بلاتخصیص شہر کے چھ اضلاع میں انسداد تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے سینئر ڈائریکٹر لینڈ اینٹی انکروچمنٹ بشیر صدیقی کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ سائوتھ میں اردو بازار اور برنس روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران تمام ٹھیلے ،پتھارے ،کیبنز، کھانے پینے کے اسٹالز، ریڑھیاں ،تخت، کرسیاں، میزیں ،پنجرے اور گنے کی مشین ضبط کرلی گئیں، یہ کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر افتخار صدیقی نے علاقہ پولیس اور اسٹاف اینٹی انکروچمنٹ کے ہمراہ کی جبکہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں یو کے اسکوائر فیڈرل بی ایریا میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران دکانوں کے آگے بنائے گئے چبوترے، دیواریں، جالیاں، سن شیڈز بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کردیئے گئے جبکہ بلاک 16 میں موٹر سائیکل مارکیٹ میں بھی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی جس میں ڈائریکٹر سینٹرل منہاج الحق ،ڈپٹی ڈائریکٹر سید مشتاق علی ،منظر مہدی نے علاقہ پولیس کی موجودگی میں اینٹی انکروچمنٹ اسٹاف کے ہمراہ حصہ لیا۔