حکومت خود اسلام آباد کو بند کررہی ہے، بلاول

October 23, 2019 12:50 pm0 commentsViews: 2

پاکستان کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہورہا ہے کہ حکومت اپنے دارالحکومت کو خود لاک ڈائون کررہی ہے
ملک کا سب سے بڑا مسئلہ عمران خان ہیں ان کے استعفے سے سارے مسائل حل ہوسکتے ہیں، میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (صباح نیوز/مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ حکومت نے خود اسلام آباد کا لاک ڈائون کر دیا اور خود اسلام آباد بند کر رہی ہے، یہ پہلی بار ہوگا جہاں حکومت خود اپنے دارالحکومت کو خود لاک ڈائون کرا رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہیں جن کے استعفے سے سارے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ یہ حکومت آصف زرداری کو طبی سہولیات سے دور رکھ کر پی پی پی پر دبائو ڈالنا چاہتی ہے افسوس ہے کہ آصف زرداری کے علاج کے حوالے سے ڈاکٹروں کی بات بھی نہیں مانی جارہی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود کہا تھا کہ ہم اپوزیشن کو احتجاج کے لیے کنٹینر اور کھانا دیں گے انہیں اپنی بات پر قائم رہنا چاہیے۔ عمران خان صاحب کو سمجھنا چاہیے کہ احتجاج جمہوری حق ہے افسوس کی بات ہے کہ حکومت خود اسلام آباد بند کر رہی ہے، جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا کہ اپنے مخالفین کے خلاف کریک ڈائون کے لیے عدلیہ اور نیب پر دبائو ڈالیں۔ بلاول زرداری نے کہاکہ ہم اس کٹھ پتلی حکومت کا مقابلہ کریں گے اور اسے گھر بھیجیں گے جمہوریت کی بحالی، معیشت کی درستی اور میڈیا کی آزادی کی راہ میں عمران خان رکاوٹ ہیں۔ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ وہ خود ہیں اس لیے استعفیٰ دے کر عوام کی جان چھوڑیں۔ ان سے استعفیٰ لے کر ہمارے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔