اب ہم دکھائیں گے وزیر اعلیٰ کو کہاں کہاں کچرا چھوڑا ہوا ہے۔۔۔!!

October 23, 2019 12:50 pm0 commentsViews: 4

تحریک انصاف نے کلین کراچی مہم کو بے نقاب کرنا شروع کردیا
پی ایس 99 کے مختلف علاقوں سمیت شہر میں کچرے کے ڈھیر برقرار، نہ کچرا صاف کیا گیا نہ گٹر نالوں کی صفائی ہوئی، رکن سندھ اسمبلی دعا بھٹو
وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے سندھ حکومت کے کروڑوں روپے ایک ماہ میں اڑا دیئے، ہم نے کوئی سرکاری فنڈ نہیں لئے تھے، حلیم عادل شیخ کی میڈیا سے گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کی جانب سے ایک ماہ کے لیے شروع کردہ مائی کلین کراچی مہم ختم، کراچی میں گندگی کے ڈھیر برقرار، پی ٹی آئی کی جانب سے بے نقابی مہم شروع کر دی گئی۔ پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ کی ہدایات پر رکن سندھ اسمبلی دعا بھٹو نے پی ایس 99 کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے گندگی کے ڈھیر میڈیا کو دکھائے۔ پی ایس 99 کے مختلف علاقوں سمیت کراچی میں کچرے کے ڈھیر برقرار ہیں نہ کچرا صاف کیا گیا نہ گٹر نالوں کی صفائی ہوئی ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا سندھ حکومت نے بارہ سالوں سے خود کا چھوڑا ہوا کچرا اٹھانے کے لیے مائی کلین کراچی مہم چلائی تھی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک ماہ میں کراچی کو صاف کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کراچی تو صاف نہ ہو سکا لیکن فنڈز کا ضرور صفایا ہوگیا ہمارے علی زیدی کی لیٹس کلین کراچی اور چمکتا دمکتا کراچی مہم میں کوئی سرکاری فنڈ نہیں لیے تھے ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت کچرا اٹھانے کی عوامی مہم چلائی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سندھ حکومت کے کروڑوں روپے ایک ماہ میں اڑا دیے۔ اب ہم دکھائیں گے وزیراعلیٰ کو کہ کہاں کہاں کچرا چھوڑا ہوا ہے۔ آج سے ہم ان کو بے نقاب کریں گے اور دکھائیں گے کہ کس طرح فنڈز کا صفایا ہوا ہے۔