شیر شاہ کی اسماء کا بہیمانہ قتل لمحہ فکریہ ہے شبیر شفقت

October 23, 2019 1:38 pm0 commentsViews: 1

مسیحی قوم کی بیٹی کے قاتلوں کو عبرت ناک سزا دی جائے‘ چیئرمین نیشنل کرسچن پارٹی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل کرسچین پارٹی کے چیئرمین شبیر شفقت نے کہا ہے کہ شیرشاہ کی رہائشی عاصمہ کا بہیمانہ قتل لمحہ فکریہ ہے جس طرح بے رحمی کے ساتھ سے قتل کیا گیا ہے یہ مسیحی قوم کی بیٹی کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔ عاصمہ کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے اور عاصمہ کے ورثاء کی جانب سے شیرشاہ تھانے میں کٹوائی جانے والی ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کو کوئی ریلیف نہ دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ عاصمہ کا قتل پولیس ڈپارٹمنٹ کے لیے ایک ٹیسٹ کیس ہے جس طرح اسے ٹیلی فون کال کرکے بلوایا گیا اور بعدازاں اس کی لاش آئی سی آئی پُل کے قریب سے ملی اور اسے ماتھے پر گولی مار کر بے دردی کے ساتھ قتل کر دیا گیا جبکہ عاصمہ کے ورثا اسے رات بھر تلاش کرتے رہے۔ چیئرمین شبیر شفقت نے کہاکہ مسیحی قوم کی بیٹیوں کے ساتھ ظلم اور بربریت کا یہ کھیل زیادہ دیر جاری نہیں رہے گا ذمہ دار بے نقاب ہونے چاہئیں اور پولیس اس قتل کے اصل محرکات تک پہنچے اور حقائق سامنے لائے کہ آخر کیونکر عاصمہ کو قتل کیا گیا۔ شبیر شفقت نے مزید کہاکہ ہم پولیس اور اعلیٰ انتظامیہ کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ مسیحی پرامن لوگ ہیں اور قانون ہاتھ میں نہیں لیتے، اگر اسی طرح ظلم و زیادتی کا بازار گرم رہا اور ہماری بیٹیاں بے رحمی، بے دردی کے ساتھ قتل ہوتی رہیں تو پھر ہم خاموش تماشائی نہیں بنے رہیں گے۔