وزیراعظم بنا تو بیروزگاری اور تعلیم کا مسئلہ حل کروںگا،شاہد آفریدی

November 1, 2019 12:24 pm0 commentsViews: 7

اکیسویں صدی کے پاکستان میں انسان اور جانور ایک ہی جگہ پانی پینے پر مجبور ہیں
پاکستان کی خدمت کیلئے نوجوان میرا ساتھ دیں‘ ایجوکیشن پروگرام کی تقریب سے خطاب
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے وزیراعظم بناتو ملک میں بیروزگاری اور تعلیم کا مسئلہ حل کروں گا۔یہ اکیسویں صدی کا پاکستان ہے جہاں انسان اور جانور اب بھی ایک ہی جگہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔نجی یونیورسٹی میں روڈ ٹو ایجوکیشن پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے کہا پاکستان مسائل کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے ، ہمیں متحد ہوکر اس کو مثالی بنانا ہوگا۔ شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ جو انسانیت سے پیار کرنا سکھائے وہی اچھی ڈگری ہے ،ہمیں اپنی زبان کو سب پر ترجیح دینی چاہیے ،پاکستان مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کا نہیں ہم سب کا ہے۔ ملک میں دو کروڑ سے زائد بچے تعلیم سے محروم ہیں انہیں اسکول لانا میرا مشن ہے۔ میری پہلی اننگ کرکٹ کھیلنے کی تھی جو ختم ہوگئی ہے ، دوسری اننگز میں انسانیت کیلئے کام کرنا ہے جس میں آؤٹ نہیں ہوں گا،پاکستان کی خدمت کیلئے نوجوان میرا ساتھ دیں۔مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے شاہد آفریدی کا کہنا تھا چاہتا ہوں کشمیری اپنا ملک بنائیں، مقبوضہ وادی میں ظلم کی انتہا ہو رہی ہے۔