کرتار پور راہداری بھارتی شہر جالندھر میں پاکستانی پرچموں کی بہار آگئی

November 8, 2019 11:51 am0 commentsViews: 2

سکھ برادری نے خوشی میں اپنے اپنے گھروں میں سبز ہلالی پرچم لہرادیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی
راہداری کا افتتاح کل ہوگا، امرتسر میں بھی عمران خان کے آویزاں بل بورڈ مودی حکومت نے ہٹوادیئے تھے
جالندھر/امرتسر (مانیٹرنگ ڈیسک) کرتار پور راہداری کھلنے پر سکھ برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، بھارتی شہر جالندھر میں پاکستانی پرچموں کی بہار آگئی، وجے کالونی میں کئی گھروں پر پاکستانی پرچم لہرا دیے گئے۔ کرتار پور راہداری کھولنے کی خوشی میں بھارتی سکھوں کے اپنے گھروں پر پاکستانی پرچم لہرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، کرتارپور راہداری کا افتتاح کل ہفتہ 9 نومبر کو ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ کرکے بھارت سمیت دنیا بھر میں مقیم سکھوں کے دل جیت لیے ہیں، سکھ برادری کرتار پور راہداری کھلنے پر خوش اور عمران خان کی شکرگزار ہے۔ بھارتی پنجاب کے شہر جالندھر کے ایک محلے میں سکھوں نے اپنے گھروں پر پاکستانی پرچم لہرا دیے جس کے بعد پاکستانی پرچم لہرانے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جبکہ مودی سرکار عمران خان کی مقبولیت سے خائف ہے۔ اس سے قبل امرتسر میں بھی عمران خان کے اقدام کی بھرپور پذیرائی ہوئی تھی اور شہر میں شکریہ عمران خان کے بل بورڈ آویزاں کر دیے گئے تھے۔ بعدازاں عمران خان کی مقبولیت سے بوکھلائی مودی سرکار نے بل بورڈز ہٹوا دیے تھے۔