وزیراعظم کا سیاحتی مقامات پر فائیواسٹار ہوٹلز بنانے کا حکم

November 8, 2019 12:04 pm0 commentsViews: 3

سیاحت کے فروغ سے پاکستان میں رہنے والے افراد کو تفریح کی معیاری سہولیات میسر آئیں گی، عمران خان
نوجوانوں کے لیے نوکریوں کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے‘سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں اجلاس سے خطاب
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے سیاحت میں فروغ کے لیے سیاحتی مقامات پر فائیو اسٹار ہوٹلز بنانے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ نیشنل ٹورازم اسٹریٹیجی 2020-2030تشکیل دی گئی ہے اور نیشنل ٹورازم ایکشن پلان 2020-2025مرتب کیا گیا ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیاحت کے فروغ کی غرض سے مختلف ایونٹس کے لیے نیشنل کلینڈر ترتیب دیا گیا ہے، پی ٹی ڈی سی میں اصلاحات کا عمل شروع کیا گیا ہیا ور اس کی نئی ویب سائٹ قائم کی گئی ہے اور آن لائن بکنگ کا نظام رائج کیا گیا ہے۔ سیاحت سے متعلق مختلف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کا عمل جاری ہے، اجلاس میں صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخوا میں سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاحت کا بے شمار پوٹینشل موجود ہے جسے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے، سیاحت کے شعبے کے فروغ سے پاکستان میں رہنے والے افراد کو تفریح کی معیاری سہولیات میسر آئیں گی، دنیا بھر سے لوگ پاکستان کا رخ کریں گے جس سے سیاحت سے منسلک سیکٹرز کو فروغ ملے گا، نوجوانوں کے لیے نوکریوں کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔