اتحاد ٹائون پولیس مقابلے کے بعد زخمی سمیت 3 ڈاکو گرفتار

November 8, 2019 12:23 pm0 commentsViews: 3

موٹر سائیکل سوار ملزمان شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے، اس نے شور مچادیا، پولیس پہنچ گئی
زیر حراست فیاض، عادل بٹ کے قبضے سے 3 ٹی ٹی پستول، 2 موٹر سائیکلیں بھی برآمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اتحاد ٹائون کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زخمی سمیت 3 ڈاکوئوں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔ مقابلے کے دوران موٹر سائیکل سوار میاں بیوی بھی گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے جبکہ عزیز بھٹی پولیس نے عیسیٰ نگری کے قریب لوٹ مار کرنے والے ایک ڈکیت کو مبینہ مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اتحاد ٹائون کے علاقے 9 نمبر میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی ہوگیا اس حوالے سے ڈی ایس پی شاہد عباس نے بتایا کہ سرجانی ٹائون کے رہائشی بوٹا مسیح سے موٹر سائیکل پر سوار 3 ڈکیت اس سے نقدی اور موٹر سائیکل چھین رہے تھے کہ اس نے شور مچا دیا جس پر علاقہ گشت پر مامور موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے جنہیں دیکھ کر ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی تاہم پولیس نے جوابی فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم فیاض کو زخمی حالت میں اس دیگر دو ساتھیوں فیاض اور عادل بٹ سمت گرفتار کرکے قبضے سے 3 ٹی ٹی پستول، 2 موٹر سائیکلیں جس میں سے ایک چھینی ہوئی بھی شامل ہے برآمد کرلی۔ شاہد عباس نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں قریب سے موٹر سائیکل پر گزرنے والی خاتون زینت اور اس کا شوہر عمر دراز ڈاکوئوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں۔