محمود العزیز سچے پاکستانی صحافی تھے رانا اشفاق رسول خاں

November 9, 2019 12:48 pm0 commentsViews: 4

انگریزی صحافت میں ان کا شاندار عملی کردار نسل نو کے مسافران صحافت کیلئے مشعل راہ ہے
فرزندان پاکستان کے تعزیتی ریفرنس سے رائو شکیل، انیس الرحمن، کمال ندیم، قاری محمد ادریس خان، ظہیر تبسم و دیگر کا خطاب
کراچی (پ ر) محمودالعزیز سچے پاکستانی اور دردمند دل کے حامل پیشے سے مخلص صحافی تھے۔ ان کی خدمات طویل، شاندار اور مسلسل تھیں، مشکل ترین حالات میں قوم کی رہنمائی کے ضمن میں انہوں نے جن صحافتی خدمات کی انجام دہی کی وہ نہ صرف تاریخ وطن کا یادگار حصہ ہے بلکہ انہیں کسی صورت بھلایا جانا ممکن نہیں۔ انگریزی صحافت میں ان کا قائدانہ کردار صحافت کے مسافر ان نسلِ نو کے لیے مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار فرزندان پاکستان کے روح رواں ممتاز ماہر تعلیم الائیڈ اسکول شیرشاہ سائٹ کیمپس کے چیف ایگزیکٹو رانا اشفاق رسول خاں نے گزشتہ روز فرزندان پاکستان کے زیراہتمام مقامی ہال میں نامور صحافی و تجزیہ کار محمودالعزیز کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رائو شکیل، انیس الرحمن، کمال ندیم، قاری محمد ادریس خان، ظہیر احمد تبسم و دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ رانا اشفاق رسول خاں نے کہاکہ تحریک پاکستان سے تعمیر پاکستان تک ان کی والدہ بیگم خورشید حفیظ، برادر قطب الدین عزیز و دیگر افراد خانہ کی کاوشیں ان کی حب الوطنی کی منفرد مثال ہیں۔ محمود العزیز نے اپنے طویل صحافتی کیریئر میں متعدد ملکی صدور، وزراء اعظم، مارشل لاء ایڈمنسٹریٹرز کے ہمراہ بیرون ممالک کا سفر کیا اور ملک کو درپیش مسائل پر اپنی ایماندارانہ، مخلصانہ اور منصفانہ رائے کا بے لاگ اور برملا اظہار کرکے حکمران شخصیات کی ملکی نظم و نسق سنبھالنے میں بھرپور مدد کی۔ وہ اپنی غیر سیاسی صحافتی و اصلاحی سرگرمیوں کے باعث مختلف شعبہ ہائے حیات کے ہر حلقے میں ہر دلعزیزی کے منصب پر فائز رہے اور اپنے اخلاص کے بل بوتے پر عام آدمی کے دلوں پر حکومت کی۔ آخر میں شرکا نے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔