خورشید شاہ کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

November 9, 2019 1:26 pm0 commentsViews: 7

احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں اضافے کی استدعا مسترد کر دی۔ نجی ٹی وی کی رپور کے مطابق آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر سکھر کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے خورشید شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں اضافے کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔ عدالت نے خورشید شاہ کو 15 روز کے لیے جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے 24 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

یاد رہے کہ 31 جولائی کو قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سید خورشید شاہ کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی تھی۔