محکمہ ایکسائز ٗ موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹ کا اجراء پھر بند کردیا گیا

November 14, 2019 1:45 pm0 commentsViews: 6

موٹر سائیکل مالکان سے 300روپے لئے جانے کے باوجود نمبر پلیٹ نہیں دی جارہی ٗ ٹریفک پولیس آرڈنیری نمبر پلیٹ پر پکڑ لیتی ہے
صوبائی وزیر اور سیکریٹری ایکسائز ٹریفک پولیس کو ہدایت کریں کسی آرڈینری نمبر پلیٹ پر موٹر سائیکل سواروں کو نہ روکا جائے
جب تک نمبر پلیٹ نہیں ملتی فیس بھی نہ لی جائے ٗ کراچی موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد احسان کا شدید ردعمل
نمبر پلیٹ نہ ملنے سے موٹر سائیکل خریدنے والے افراد اور ڈیلرز کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑے کے واقعات بھی بڑھ گئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر) محکمہ ایکسائز سندھ کی جانب سے کراچی میں موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹوں کا اجراء پھر بند کردیا گیا موٹر سائیکل خریدنے والوں سے300 روپے لئے جانے کے باوجود نمبر پلیٹ نہیں دی جارہی ہے جس کے باعث موٹر رسائیکل خریدنے والے افراد اور ڈیلر کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑے کے واقعات بھی بڑھ گئے ہیں کراچی موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد احسان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ سال قبل بھی نئی نمبرپلیٹوں کا اجراء بند کردیا گیا تھا جو احتجاج کے بعد دوبارہ شروع کردیا گیا تھا اب ایک بار پھر نئی نمبر پلیٹوں کا اجراء اچانک کوئی وجہ بتائے بغیر بند کردیا گیا ہے محمد احسان نے میڈیا کو بتایا کہ آرڈینری نمبر پلیٹ لگانے پر ٹریفک پولیس اہلکار بھی موٹر سائیکل سواروں کو روک لیتے ہیں صوبائی وزیر ایکسائز اور سیکریٹریز کو چاہئے کہ وہ اس حوالے سے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو تنبیہ کریں کہ جب تک محکمہ ایکسائز کی جانب سے نمبر پلیٹ جاری نہیں کردی جاتی اس وقت تک آرڈینری نمبر پلیٹ لگانے والے موٹر سائیکل سواروں کو نہ روکا جائے اور جب تک نمبر پلیٹ کا اجراء نہیں ہوتا فیس کی وصولی بھی نہ کی جائے۔