کراچی میں ٗ 47لاکھ بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچائوکے حفاظتی ٹیکے لگانے کا اعلان

November 14, 2019 1:46 pm0 commentsViews: 4

ایکسپوسینٹر کے باہر شہر بھر میں مہم کا آغاز ٗ 18سے 30نومبر تک 9ماہ سے 15سال تک کی عمر کے بچوں کو ٹیکے لگائے جائیں گے ٗ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایسٹ
مہم میں 14ہزار سے زائد پولیو ورکرز کی ٹیمیں ساڑھے 3ہزار اسکول جائیں گی ٗ والدین بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوائیں اور ٹائیفائیڈ سے بچائیں ٗ ڈاکٹر اشفاق احمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ کی جانب سے شہر قائد میں پھیلی ٹائیفائڈ کی وبا اور بڑھتے ہوئے کیسز میں کمی لانے کے لیے 13 روزہ ٹائیفائڈ سے بچائو کے حفاظتی ٹیکوں کی مہم کا اعلان ہوگیا، مہم کے دوران کراچی میں 9 ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے 47 لاکھ بچوں کو ٹائیفائڈ سے بچائو کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی ایکسپو سینٹر کے باہر شہر بھر میں 18 سے 30 نومبر تک ٹائیفائڈ سے بچائو کے لیے حفاظتی ٹیکوں کی مہم سے متعلق آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس مں ڈی ایچ او شرقی ڈاکٹر اشفاق احمد، ایڈیشنل ڈی ایچ او ڈاکٹر ظہور احمد، ٹیکنیکل سپروائزر مہم ڈاکٹر درناز، صارم برنی اور خواتین پولیو ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی، واک سے قبل آسمان پر سبز اور سفید رنگ کے غبارے بھی اڑائے گئے جس کے بعد ایکسپو سینٹر سے حسن اسکوائر تک شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اٹھائے واک کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایسٹ ڈاکٹر اشفاق احمد کا کہنا تھا کہ سندھ میں ٹائیفائڈ مہم کا آغاز 18 نومبر سے ہوگا جو 30 نومبر تک جاری رہے گی مہم کے دوران کراچی میں 9 ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے 47 لاکھ بچوں کو ٹائیفائڈ سے بچائو کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے ضلع شرقی میں 8 لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے، مہم میں مجموعی طور پر 14 ہزار سے زائد پولیو ورکرز کی ٹیمیں حصہ لیں گی مہم کے دوران ساڑھے تین ہزار اسکول جائیں گے، والدین کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوائیں اور ٹائیفائڈ سے بچائیں، ہم اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔