دوسرے شہروں کے منصوبے کراچی والوں کے پیسوں سے بن رہے ہیں وسیم اختر

November 14, 2019 1:46 pm0 commentsViews: 7

ہمارے پاس جو وسائل ہیں انہیں سوچ سمجھ کر شہریوں کے مفاد میں ان کی سہولت کیلئے استعمال کررہے ہیں، میئر کراچی
شہریوں کو 3 کروڑ روپے کی لاگت سے جھیل پارک کی تعمیر نو 6 ماہ میں مکمل کرکے تحفہ دیا ہے، افتتاحی تقریب سے خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ 3 کروڑ روپے کی لاگت سے 12 ایکڑ سے زائد رقبے پر جھیل پارک کی تعمیر نو چھ ماہ میں مکمل کر کے کراچی کے شہریوں کو ایک اور خوبصورت تحفہ دیا ہے، بقیہ پانچ ایکڑ پر بچوں کے لئے پلے لینڈ تعمیر کیا جائے گا، ملک کے کسی بھی شہر میں جو منصوبہ بن رہا ہے اس میں 70 فیصد ریونیو کراچی کے عوام کا دیا ہوا ہے مگر بدقسمتی یہ ہے کہ اس شہر کے لوگ بسوں کی چھتوں پر سفر کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی شام جھیل پارک کی تعمیر نو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر کنور نوید جمیل،اسلم شاہ آفریدی نے بھی خطاب کیا جبکہ میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور، آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ اور گورننگ باڈی کے ممبران، ممتاز صنعتکار شمیم فرپو، محبوب الحسن سمیت طارق روڈ ٹریڈرز ویلفیئرز ایسوسی ایشن اور کراچی الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے عہدیدار اور ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی نے کہا ہمارے پاس جو وسائل ہیں انہیں سوچ سمجھ کر شہریوں کے مفاد میں ان کی سہولت کے لئے استعمال کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر ان سب جگہوں سے قبضہ خالی کرایا ہے جہاں ماضی میں کیا گیا، اب ان جگہوں پر عوام کے استعمال کے لئے منصوبے تعمیر کئے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ سے وسائل نہیں ملتے وزیراعلیٰ سندھ نے وعدہ کیا ہے کہ وہ جلد ہمارے مسائل پر توجہ دیں گے اور ہمیں وسائل مہیا کریں گے امید ہے وہ توجہ دیں گے ،میئر کراچی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پارکوں کی خود حفاظت کریں یہ آپ کے پارک ہیں اور آپ ہی کے لئے تعمیر کئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے جس شہر کے لئے وسائل مانگ رہے ہیں وہ شہر ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دیتا ہے، ملک کے دوسرے شہروں میں جو منصوبے بن رہے ہیں ان میں کراچی کا 70فیصد ریونیو شامل ہوتا ہے۔